17

مخلص قیادت – ایکسپریس اردو

[ad_1]

پنجاب پاکستان کا مردم خیز اور سب سے بڑا صوبہ ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ یہ صوبہ جتنا بڑا ہے اتنے ہی زیادہ اس کے مسائل بھی ہیں۔ پنجاب کی بہتری کا مطلب ہے کہ پاکستان بہتر ہے۔ یہ امر باعث اطمینان ہے کہ پنجاب کی بے لوث خدمت کرنے کا بیڑا انتہائی ذہین اور متحرک خاتون مریم نواز نے اٹھایا ہے۔

یہ حقیقت بھی کسی سے پوشیدہ نہیں ہے کہ ان کے حاسدین اور مخالفین ان کے بارے میں طرح طرح کی چہ مگوئیاں کر رہے تھے اور ان کے پروپیگنڈے کی تان اس بات پر ٹوٹتی تھی کہ وہ ناکام وزیر اعلیٰ ثابت ہوں گی۔ ان کا کہنا یہ بھی تھا کہ وہ اپنے والد صاحب اور اپنے چچا جان کے بل بوتے پر اس منصب پر فائز ہوں گی لیکن موصوفہ نے مخالفین کے پروپیگنڈے پر نہ صرف پانی پھیر دیا ہے بلکہ ان کے دانت کھٹے کر دیے ہیں۔

انھوں نے اپنی اہلیت اور جذبہ خدمت کا نیا ریکارڈ قائم کیا ہے جس کی وجہ سے ان کی مقبولیت کا گراف بہت تیزی کے ساتھ بلند سے بلند تر ہو رہا ہے۔ فارسی کی ایک کہاوت ہے ’’ اگر پِدر نہ تواند پسر تمام کند‘‘ لیکن مریم نواز صاحبہ نے اس کہاوت کو یوں پلٹ کر رکھ دیا ہے کہ’’ اگر پِدر نہ تواند دختر تمام کند۔‘‘

مریم صاحبہ نے اپنے والد صاحب اور چچا جان سے جوکچھ سیکھا ہے اُسے چار چاند لگا دیے ہیں۔ ان کی شبانہ روز کارکردگی کو دیکھ کر سب حیران و ششدر ہیں۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ ان کے پاس الہٰ دین کا چراغ ہے۔ تساہل پسندی ان کے خمیر میں شامل نہیں ہے۔ کڑکڑاتی ہوئی گرمی ہو یا چلچلاتی ہوئی دھوپ وہ روبوٹ کی طرح خلق خدا کی خدمت میں مصروف نظر آتی ہیں۔

سچ پوچھیے تو انھوں نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ خواتین مردوں سے کئی گنا عزم و حوصلہ رکھتی ہیں، اگر ان کے دن بھر کے شیڈول کو دیکھا جائے تو یقین نہیں آتا کہ کوئی انسان اتنا متحرک ہوسکتا ہے، وہ ایک غیر معمولی منصوبہ ساز اور ایڈمنسٹریٹر ثابت ہورہی ہیں۔ ان کی حکمت عملی ان کی کارکردگی سے صاف ظاہر ہے۔ ان کی کامیابی کا راز یہ ہے کہ وہ اپنے صوبے کے عوام سے انتہائی مخلص ہیں اور انھوں نے اپنی زندگی کا ایک ایک لمحہ عوام کی خدمت کے لیے وقف کردیا ہے۔

سب سے کمال کی بات یہ ہے کہ کسی بھی شعبہ کا کوئی گوشہ ایسا نہیں ہے جو ان کی نظر سے اوجھل ہو۔ وہ بخوبی جانتی ہیں کہ کون کتنا ایماندار اور محنتی ہے اور کون کام چور اور بددیانت ہے۔ ان کے برسر اقتدار آنے سے نا اہل اور بدعنوان لوگوں میں کھلبلی مچ گئی ہے۔ صوبہ میں رونما ہونے والے کسی بھی واقعے سے وہ باخبر رہتی ہیں۔ وہ مظلوموں کی ہمدم اور کسی بھی قسم کی زیادتی کرنے والے کے لیے بے نیام تلوار ہیں۔

وزارت اعلیٰ کی کرسی سنبھالے ہوئے انھیں زیادہ وقت نہیں ہوا ہے لیکن اس کے باوجود مختصر عرصے میں انھوں نے اپنی قابلیت کے جوہر دکھا کر ثابت کر دیا ہے کہ مخلص اور لائق قیادت کے لیے اپنی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں کوئی دشواری حائل نہیں ہوسکتی۔

غیر جانبداری اور بیباکی ان کی شخصیت کا خاص وصف ہے۔ خداوند کریم نے انھیں بیشمار صلاحیتوں سے نوازا ہے۔ اس حوالے سے یہ کہنا حرف بہ حرف درست ہوگا۔

ایں سعادت بزور بازو نیست

تا نہ بخشد خدائے بخشندہ

مریم نواز نے صوبہ پنجاب کی باگ ڈور سنبھال کر نقشہ ہی تبدیل کردیا ہے، تھکن نام کا لفظ ان کی ڈکشنری میں شامل نہیں ہے۔ وہ اقبالؔ کے اس شعر کی قائل ہیں۔

تُو اسے پیمان امروز و فردا سے نہ ناپ

جاوداں، پیہم دواں، ہر دم جواں ہے زندگی

اہل پنجاب کو مریم نواز سے بڑی بڑی امیدیں وابستہ ہیں اور انھیں یقین کامل ہے کہ ان کی کاوشوں سے پنجاب کا مستقبل روشن اور تابناک ہوگا۔ ہم اس بات کا اعادہ کرتے ہیں کہ ہم پاکستان کے خیر خواہ ہیں اور کسی بھی سیاسی مسلک سے ہمارا نہ کوئی تعلق ہے اور نہ واسطہ۔

ہم سخن فہم ہیں غالبؔ کے طرف دار نہیں

بقول کبیرؔ:

کبیر کھڑا بزار میں مانگے سب کی خیر

نہ کہو سے دوستی، نہ کہو سے بیر

ہم ہر اس شخص کے حمایتی ہیں جو وطن عزیز کا وفادار اور خیر خواہ ہو۔ پاکستان اس وقت جس آزمائش سے دو چار ہے اس کا بنیادی تقاضہ یہ ہے کہ وہ اپنے کردار اور طرز عمل سے یہ ثابت کرے کہ پاکستان اسے دل و جاں سے عزیز ہے۔



[ad_2]

Source link

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں