[ad_1]
پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے 140 کارکنان ریلی نکالنے پر درج ہونے والے مقدمے سے بری کردیے گئے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ سلمان نادر کے روبرو پی ٹی آئی پشاور کے کارکنان کی عام انتخابات سے قبل ریلی نکالنے پر درج مقدمے کی سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے 2 صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کردیا، جس میں عدالت نے مقدمے میں نامزد 140 کارکنان کو بری کردیا ہے۔
عدالتی حکم نامے کے مطابق پی ٹی آئی کے رہنما عرفان سلیم، دیگر اور 130 نامعلوم کے خلاف مقدمہ درج ہوا تھا۔ یکم جنوری 2024 کو رنگ روڈ پر پی ٹی آئی کے کارکنوں نے ریلی نکالی تھی۔ جس کے بعد مقامی تھانے کے ایس ایچ او کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا تھا ۔
ملزمان موقع سے گرفتار نہیں ہوئے اور نہ کوئی متعلقہ مواد ملزمان سے برآمد ہوا۔ مقامی افراد کی جانب روڈ بندش کے خلاف کوئی شکایت بھی پولیس کے پاس درج نہیں ہوئی ۔ ریکارڈ کے مطابق احتجاج کے دوران کوئی جلاؤ گھیراؤ بھی نہیں ہوا ۔ ریکارڈ سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملزمان پر امن مظاہرہ کر رہے تھے جو ان کا آئینی حق ہے ۔
عدالت نے اپنے حکم نامے میں قرار دیا کہ ملزمان کو عدم شواہد کی بنیاد پر مقدمے سے بری کیا جاتا ہے۔
[ad_2]
Source link