[ad_1]
کراچی: اتحاد ٹاؤن پولیس نےعابد آباد میں شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ کرنے والے ملزم کو گرفتارکرکے رائفل برآمد کرلی، ملزم کی ہوائی فائرنگ سے 15 ماہ کا شیر خوار جاں بحق ہوگیا تھا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سائٹ اے تھانے کے علاقے سائٹ ایریا میٹروویل میں شادی کی تقریب میں شدید ہوائی فائرنگ سے علاقہ گھونج اٹھا، شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ کے واقعے کی ویڈیوز بھی سامنے آگئیں، ویڈیوزمیں متعدد افراد چھوٹے بڑے ہتھیاروں سے فائرنگ کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔
مسلسل فائرنگ کے دوران اطراف کے چند گھروں کی دیواروں پر بھی گولیاں لگیں، دن دیہاڑے شدید ہوائی فائرنگ کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ویڈیو وائرل ہونے پر ایس ایس پی کیماڑی فیضان علی نے نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کا حکم دیا بعد ازاں ایک مرکزی ملزم شمشیر علی کو گرفتار کرلیا گیا۔
ایس ایس پی کیماڑی فیضان علی نے بتایا ہے کہ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب عابد آباد بلاک سی میں شادی کی تقریب میں رائفل سے ہوائی فائرنگ کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی، اپنے رشتے داروں کی شادی کی تقریب میں فائرنگ کرتے ہوئے ملزم شمشیر کو دیکھا جاسکتا ہے، اسی فائرنگ سے ایک گھر میں سویا ہوا 15 ماہ کا شیر خوار بچہ ہارون ولد حاجی نور گولی لگنے سے زخمی ہوگیا جو بعدازاں اسپتال میں دم توڑ گیا۔
ایس ایس پی کے مطابق گرفتار ملزم اور مقتول بچے کے اہل خانہ کے آپس میں گہرے مراسم ہیں اس لیے متاثرہ خاندان نے کوئی کارروائی نہیں کرائی تاہم پولیس نے گرفتار ملزم کے خلاف غیر قانونی اسلحے اور قتل بالسبب کی دفعات کے تحت دو مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی۔
[ad_2]
Source link