16

وزیراعلیٰ سندھ کی بجلی کمپنیوں کو یکم تا 12 محرم لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کی ہدایت

[ad_1]

  کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بجلی  کی تقسیم کارکمپنیوں کو  یکم تا 12 محرم الحرام  لوڈ شیڈنگ  نہ کرنے کی ہدایت کردی۔

سید مراد علی شاہ نے انتظامیہ او علمائے کرام کے ساتھ مشترکہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے محرم الحرام کی مجالس اور جلوسوں کے انتظامات کو حتمی شکل  دیتے ہوئے  یکم تا 12 محرم لوڈ شیڈنگ  نہ کرنے کے حوالے سے کے الیکٹرک، حیسکو اور سیپکو کو ہدایات جاری کیں۔

وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقدہ اجلاس میں صوبائی وزراء شرجیل میمن، ناصر شاہ، سعید غنی، ضیا لنجار، ریاض شاہ شیرازی، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، آئی جی پولیس غلام نبی میمن، کمشنر کراچی حسن نقوی، ایڈیشنل آئی جی کراچی عمران یعقوب، مختلف محکموں کے سیکرٹریز، واٹر بورڈ کے اسد اللہ، کے الیکٹرک کے حارث صدیقی اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے نمائندے ،علمائے کرام علامہ سید رضی نقوی، علامہ نثار احمد قلندری، مولانا محمد حسین اور دیگرنے شرکت کی۔

مراد علی  شاہ نے علمائے کرام سے مخاطب ہوکرکہا کہ ان کے صوبے کو مذہبی فرقہ واریت سے بالاتر ہونے کا اعزاز حاصل ہے جہاں لوگ پرامن طریقے سے مل جل کر رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ باہمی احترام کا یہ عمل مزید مضبوط ہوگا۔

انہوں نے  علمائے کرام کی مشاورت سے آئی جی پولیس کو سندھ بھر میں مجالس اور محرم کے جلوسوں کو ضروری سیکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ آئی جی پولیس شیعہ علماء سے مشاورت کے بعد سیکیورٹی پلان ترتیب دیں۔

علمائے کرام نے کہا کہ شہر کی زیادہ تر سڑکوں اور نالوں کی حالت  بہتر ہے مگر گلیوں میں نکاسی کا نظام خاص طور پر جہاں مجالس منعقد کی جائیں گی، ناکافی ہے ۔ اس پر وزیراعلیٰ  سندھ نے واٹر بورڈ کو ہدایت کی کہ شہر میں نکاسی آب کے نظام  کو بہتر بنایا جائے اور ضرورت پڑنے پر کے ایم سی اپنی سڑکوں کی مرمت کرے ۔ انہوں نے واٹر بورڈ کو مساجد و مجالس کو پانی فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔

مرادعلی شاہ نے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کو مجالس اور محرم کے جلوسوں کے لیے سڑکوں اور گلیوں کی صفائی ستھرائی  پر مزید توجہ دینے کی ہدایت کی۔ علمائے کرام نے اپنے علاقوں میں لوڈشیڈنگ کی نشاندہی کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سے درخواست کی کہ کے الیکٹرک کو پابند کیا جائے کہ وہ محرم کے مقدس مہینے میں بالخصوص یکم تا 12 محرم تک لوڈشیڈنگ نہ کرے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے  مساجد اور مجالس کو بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی  بنانے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے سندھ بھر کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ مجالس کے منتظمین سے تعاون کریں۔ انہوں نے وزیر بلدیات سعید غنی کو ہدایت کی کہ وہ امام بارگاہ/مساجد کا دورہ کریں تاکہ ان کے مسائل حل کیے جا سکیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے وزیر پی اینڈ ڈی  اور انرجی ناصر شاہ کو ہدایت کی کہ وہ کے الیکٹرک، حیسکو اور سیپکو سے بات کریں کہ وہ یکم تا 12 محرم تک لوڈ شیڈنگ نہ کریں۔

وزیراعلیٰ سندھ  کی ہدایت پر وزیر پی اینڈ ڈی ناصر شاہ اپنے دفتر میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں، انتظامیہ اور علمائے کرام کا اجلاس طلب کریں گے۔ انہوں نے علمائے کرام  کو یقین دلایا کہ وہ کسی بھی وقت ان سے رابطہ قائم کرکے مدد طلب کرسکتے ہیں۔



[ad_2]

Source link

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں