کراچی: شہر قائد کے علاقے گلستان جوہر میں ایس ایچ او کے کمرے میں داخل ہونے پر پولیس اور وکلا کے درمیان ہاتھا پائی ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق گلستان جوہر تھانے میں وکلا اور پولیس کے درمیان تلخ کلامی ہوئی جس کے بعد وکلا کی بڑی تعداد تھانے کے باہر پہنچی اور پھر صورت حال کشیدہ ہوئی۔
پولیس کا دعوی ہے کہ ایک وکیل نے بغیر اجازت ایس ایچ او کے نجی کمرے میں داخل ہونے کی کوشش کی اور روکنے پر اہلکار کے ساتھ بدتمیزی کی جس کے بعد وکلا کی بڑی تعداد نے تھانے پر حملہ کردیا۔
تھانے کے باہر وکلا کی بڑی تعداد نے پولیس رویے کے خلاف احتجاج کیا اور دعویٰ کیا کہ شکایت درج کروانے کیلیے متعدد چکر لگانے کے باوجود بھی مسئلہ حل نہیں ہوا، ایس ایچ او سے متعدد بار ملنے کی کوشش کی تو عدم حاضری کا کہہ کر بھگا دیا جاتا تھا۔
واقعے کا ایس ایس پی ایسٹ نے نوٹس لے کر رپورٹ طلب کرلی ہے جبکہ صورت حال کو دیکھتے ہوئے اضافی نفری بھی تھانے پہنچا دی گئی ہے۔