کراچی: پاکستان کو رواں ماہ آئی ایم ایف سے 6ارب ڈالر کا بیل آؤٹ ملنے کے امکانات سے انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں جمعرات کو اتارچڑھاؤ کے بعد محدود پیمانے پر اضافے کا تسلسل برقرار رہا، اس کے برعکس اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں کمی واقع ہوئی۔
وزارت خزانہ کی جانب سے رواں ماہ آئی ایم ایف سے 6ارب ڈالر سے زائد کے بیل آؤٹ پیکج کا معاہدہ طے پانے، توقعات اور اگلے تین سے چار ہفتوں میں آئی ایم ایف سے متعلق اقدامات کا عمل ختم ہونے امید پر انٹربینک مارکیٹ میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے انٹربینک ریٹ 09پیسے کے اضافے سے 278روپے 49پیسے کی سطح پر بند ہوئے۔
اس کے برعکس اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 02پیسے کی کمی سے 280روپے 23پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ حکومت کی جانب سے پاور ٹیرف میں مزید اضافہ کرکے آئی ایم ایف کی آخری شرط بھی پوری کردی گئی ہے لیکن آئی ایم ایف نے ڈی ویلیوایشن کی شرط بھی عائد کر رکھی ہے ، یہی وجہ ہے کہ انٹربینک کی سطح پر ڈالر کی قدر میں محدود پیمانے پر بتدریج اضافے کا رحجان غالب ہے۔