[ad_1]
کراچی: شاہراہ فیصل پر واقع کاوش کراﺅن پلازہ میں ملازم نے تنخواہ نہ ملنے پر آئی ٹی آفس کے مالک کو تیز دھار آلے کے وار سے قتل کر دیا ، ملزم آلہ قتل سمیت گرفتار کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق مین شاہراہ فیصل بلوچ کالونی پل کے قریب قائم کاوش کراﺅن پلازہ کی چوتھی منزل پر قائم دفتر میں جھگڑے کے دوران تیز دھار آلے کے وار سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال لے جائی گئی۔
مقتول کی شناخت 42 سالہ نوید خان کے نام سے کی گئی جبکہ آفس میں موجود افراد نے ملزم شعیب کو پکڑ کر آلہ قتل سمیت ٹیپو سلطان پولیس کے حوالے کر دیا۔
ڈی ایس پی طلحہ امراؤ نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ مقتول آئی ٹی آفس کا مالک تھا جسے اس کے ملازم شعیب نے تنخواہ نہ ملنے کے تنازعے پر طیش میں آکر تیز دھار آلے کے وار سے قتل کیا ہے جبکہ مقتول گلستان جوہر کا رہائشی تھا۔
گرفتار ملزم شعیب چند ماہ سے مذکورہ آفس میں ملازمت کر رہا تھا ، پولیس اس حوالے سے مزید تحقیقات کر رہی ہے ۔
[ad_2]
Source link