[ad_1]
کچھ پکوان اور میٹھے ایسے ہوتے ہیں کہ سردی ہو یا گرمی ان کو کھانے کا لطف ہی منفرد ہوتا ہے، جیسے کہ آئس کریم۔ اس کا مزہ ہی کچھ اور ہوتا ہے ا ور بچے تو ہمہ وقت آئس کریم کھانے کے لیے تیار رہتے ہیں۔
اس لیے میں آج آپ کو مختلف آئس کریم بنانے کی تراکیب بتارہی ہوں، جنھیں آپ بہ آسانی بنا سکتی ہیں اور آپ کے بچے انھیں شوق سے کھائیں گے ۔
چیکو آئس کریم
اجزا:
چیکو (دس عدد)
دودھ آدھی پیالی
چینی حسب ذائقہ
وہپنگ کریم ایک پیالی
ترکیب:
پہلے چیکو کاٹ کر دودھ کے ساتھ بلینڈ کرلیجیے ۔اس کے بعد ایک پیالے میں وہپنگ کریم ((whipping cream کو چینی کے ساتھ اس حد تک پھینٹیے کہ وہ مقدار میں ذیادہ محسوس ہونے لگے، پھر چیکو کے آمیزے کو اس میں ملا لیجیے ، جب چیکو کا آمیزہ اس میں مکمل طور پر مل جائے تواس کو آئس کریم کے سانچوں میں ڈال کر فریزر میں جمانے کے لیے رکھ دیجیے، تین سے چار گھنٹے میں مزے دارچیکو آئس کریم تیار ہوگی۔
چاکلیٹ آئس کریم
اجزا:
کوکو پائوڈر (دو کھانے کے چمچے)
دودھ (آدھی پیالی)
چینی(حسب ضرورت)
وہپنگ کریم (ایک پیالی)
ایک پیالے میں کوکو پائوڈر اور دودھ کو ملا لیجیے۔ اس کے بعد دوسرے پیالے میں وہپنگ کریم کو چینی کے ساتھ پھینٹ لیجیے، جب مقدار زیادہ محسوس ہو تو کوکو پائوڈرکے آمیزے کو بھی ساتھ ملا لیجیے۔ جب آمیزہ مکمل طور پر مل جائے تو اس آمیزے کو آئس کریم کے سانچوں میں ڈال کر جما لیجیے۔
برائونی آئس کریم
اجزا:
میدہ (پائو پیالی)
چینی (حسب ضرورت)
کوکو پائوڈر پائو پیالی)
بیکنگ پائوڈر آدھا چائے کا چمچا
نمک حسب ذائقہ
تیل پائو پیالی)
انڈا (ایک عدد )
ونیلا ایسسنس (چند قطرے)
گرم پانی یا دودھ (پائو پیالی)
آئس کریم کے لیے
وہپنگ کریم (ایک پیالی)
چینی (آدھی پیالی)
ترکیب:
برائونی بنانے کے لیے پہلے ایک پیالے میں تمام خشک اجزا ملالیجیے، اس کے بعد تیل، انڈا، ونیلا ایسنس، دودھ یا پانی ملا کر آمیزہ تیار کرلیجیے، جب یہ آمیزہ تیار ہو جائے، تو برتن میں انڈیل کر مائیکرووئیو میں بیک ہونے کے لیے رکھ دیں جب برائونی تیار ہو جائے تو ٹھنڈا ہونے پر کسی صاف تھیلے میں رکھ کر بیلن کی مدد سے چوڑا کرلیں اب اس کو کسی پیالے میں رکھ لے۔ اس کے بعد ایک پیالے میں وہپنگ کریم کو چینی کے ساتھ پھینٹ لیجیے، جب مقدار زیادہ محسوس ہو تو برائونی کے چورے کو آہستہ آہستہ اس میں ملائیے، جب مکمل طور پر مل جائے تواس آمیزے کو آئس کریم کے سانچوں میں ڈال کر فریزر میں جمانے کے لیے رکھ دیجیے، تین سے چار گھنٹے میں مزے داربرائونی آئس کریم تیار ہوگی۔
[ad_2]
Source link