[ad_1]
کراچی: اورنگی ٹاؤن راجہ تنویر کالونی میں موٹر سائیکل سوار نامعلوم ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کرکے ٹرک ڈرائیور کو قتل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق جعمرات کی صبح اقبال مارکیٹ تھانے کے علاقے اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے گیارہ راجہ تنویر کالونی میں انصاف چوک کے قریب نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کر دیا اور فرار ہوگئے۔
جاں بحق ہونے والے شخص کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی جہاں مقتول کی شناخت 30 سالہ یاسین ولد گل خان کے نام سے کی گئی، مقتول ٹرک ڈرائیور اور راجہ تنویر کالونی کا رہائشی تھا۔
ایس ایچ او اقبال مارکیٹ محمد علی شاہ نے بتایا کہ مقتول اعلی الصبح جیسے ہی اپنے گھرسے باہر نکلا اور گھر سے کچھ فاصلے پر پہنچا ہی تھا کہ پہلے سے گھات لگائے موٹر سائیکل سوار 2 مسلح ملزمان نے مقتول پر اندھا دھند فائرنگ کر دی اور فرار ہوگئے، فائرنگ کے نتیجے میں مقتول سر اور ٹانگ پر دو گولیاں لگنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔
انھوں نے بتایا کہ مقتول کی موت سر پر گولی لگنے کے باعث ہوئی، پولیس کو جائے وقوع سے 7 چلیدہ خول ملے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے تاہم اس حوالے سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب، پیرآباد تھانے کےعلاقے فرنٹیئر کالونی نمبر دو فاروقی محلے میں جھگڑے کے دوران تیز دھار آلہ کے وار سے 65 سالہ الامروز ولد زار جلال زخمی ہوگیا جسے فوری طور پرعباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا، پولیس نے جھگڑے میں ملوث دیگر ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔
[ad_2]
Source link