[ad_1]
کراچی: داﺅدی بوہری جماعت کے روحانی پیشوا نے آئی ٹی طلباء کے لئے 100 لیپ ٹاپ دینے کا اعلان کردیا۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کی دعوت پر داودی بوہرہ جماعت کے روحانی پیشوا سیدنا مفضل سیف الدین نے گورنرہاﺅس کا دورہ کرکے گورنرسندھ سے ون آن ون ملاقات کی۔ ملاقات میں دورہ پاکستان، محرم الحرام میں مجالس میں مذہبی ہم آہنگی، رواداری اور افہام تفہیم پر گفتگو ہوئی، سیدنا مفضل سیف الدین نے گورنراینیشیٹیو کے تحت گورنرہاﺅس میں جاری آئی ٹی کورسز کے طلباء کے لئے 100 لیپ ٹاپ دینے کا اعلان بھی کیا۔
ملاقات میں سیدنا مفضل سیف الدین نے گورنر سندھ کو خصوصی دعائیں بھی دیں۔ سیدنا مفصل سیف الدین نے گورنرسندھ کے فلاحی اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے فلاحی اقدامات قابل ستائش ہیں، خلق کی خدمت عین عبادت ہے، اسی جذبہ سے خلق کی خدمت کرتے رہیں، یہی اللہ تعالیٰ کا خاص پیغام بھی ہے۔
اس سے قبل جب داﺅدی بوہرہ جماعت کے روحانی پیشوا گورنرہاﺅس آئے تو اسکاﺅٹس نے ان پر گل پاشی کی۔ داﺅدی بوہر ہ جماعت کے روحانی پیشوا سیدنا مفصل سیف الدین کو آرمی، ایئر فورس، نیوی اور پولیس کے بینڈ نے سلامی بھی پیش کی۔ گورنرسندھ نے سیدنا مفصل سیف الدین کا پرتپاک خیر مقدم کیا، سید نا مفصل سیف الدین نے گورنرسندھ سے گرم جوشی سے مصافحہ کیا۔
گورنرسندھ نے سیدنا مفصل سیف الدین کو شال اور تسبیح کے تحفے بھی پیش کئے۔ بعد ازاں داﺅدی بوہری جماعت کے روحانی پیشوا نے 10 رکنی وفد کے ہمراہ بھی گورنرسندھ سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں قومی معیشت میں داودی بوہرہ جماعت کے کردار، مذہبی ہم آہنگی سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، میرے خط پر آپ کی پاکستان آمد پر شکر گزار ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ محرم الحرام میں آپ کے درس سے ہم آہنگی، رواداری اور اتحاد کو فروغ حاصل ہوگا۔ گورنرسندھ نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ ہر برس محرم الحرام میں آپ یہاں آئیں۔ سید نا مفصل سیف الدین نے کہا کہ پاکستان آکر بہت خوشی محسوس کرتا ہوں۔علاوہ ازیں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کی جانب سے داودی بوہرہ جماعت کے روحانی پیشوا کو استقبالیہ دیا گیا۔
گورنر سندھ نے سیدنا مفضل سیف الدین کا پاکستان آمد پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔ سیدنا مفصل سیف الدین نے کہا کہ میرے لئے استقبالیہ اور سلامی پیش کئے جانے پر آپ کا شکریہ ادا کرتاہوں، پاکستان سے آپ کی خصوصی محبت اور پیار لے کر جاؤں گا۔
[ad_2]
Source link