11

کراچی؛ ایکسائز کی بینظیر بھٹو یونیورسٹی میں کارروائی، ریکارڈ یافتہ منشیات فروش گرفتار

 کراچی: ایکسائز نے بینظیر بھٹو شہید یونیورسٹی لیاری میں کارروائی کرتے ہوے ریکارڈ یافتہ منشیات فروش کو گرفتار کرلیا۔

شہر قائد کے مختلف علاقوں میں ایکسائز نارکوٹکس کنٹرول نے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی ہوئی ہیں۔ گزشتہ روز کورنگی اور لیاری کے علاقوں میں کارروائیوں کے دوران 850 گرام آئس، 510 گرام ہیروئن برآمد کرکے ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

ایکسائز ٹیم نے مہران ٹاؤن محمد خان گوٹھ ضلع کورنگی میں کارروائی کرتے ہوئے 2 منشیات فروشوں کو گرفتار کر لیا ، جن کی شناخت عمیر الرحمٰن اور وقاص احمد کے نام سے ہوئی۔ ملزمان کے قبضے سے اعلیٰ کوالٹی کی آئس 330 گرام اور ایک پیکٹ ہیروئن 510 گرام برآمد کی گئی۔

ملزمان کے زیر استعمال ایک 125 موٹر سائیکل بھی تحویل میں لے لی گئی ہے۔ ملزمان کی نشاندہی پر ایکسائز نارکوٹکس کنٹرول نے بینظیر بھٹو شہید یونیورسٹی لیاری میں کارروائی کی اور وہاں سے ایک اور منشیات فروش کو گرفتار کرلیا گیا۔ ملزم محمد علی ولد شوکت علی عادی مجرم ہے اور متعدد بار جیل بھی جا چکا ہے۔ ملزم پولیس کو مطلوب تھا۔

گرفتار ملزم محمد علی کے قبضے سے بھی 520 گرام اعلیٰ کوالٹی کی آئس برآمد کرلی گئی۔ نارکوٹکس کنٹرول ٹیم نے منشیات کی ترسیل میں استعمال ہونے والی 125 موٹر سائیکل بھی تحویل میں لے لی۔

علاوہ ازیں ایکسائز نارکوٹکس کنٹرول نوشہرو فیروز کی کارروائی میں ملزم عمران علی بھٹی کو گرفتار کرلیا گیا، جس کے قبضے سے 400 گرام چرس برآمد کی گئی۔ ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔





Source link

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں