[ad_1]
لاہور: پنجاب کے صوبائی دارالحکومت میں ریکارڈ بارش کے دوران کرنٹ لگنے، چھتیں اور دیواریں گرنے کے نتیجے میں ایک بچی سمیت 4 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور کی نشاط کالونی میں بارش کے پانی سے بجلی کے پول میں کرنٹ آنے سے نوجوان جاں بحق ہوا، جن کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی، نوجوان گھر کے لیے ناشتہ لے کر جارہا تھا۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ دوسرا واقعہ کوٹ لکھپت کے علاقے میں چونگی امر سدھو نیازی چوک پر پیش آیا جہاں 14 سالہ بچہ بارش کے پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہوا۔
انہوں نے بتایا کہ بچے کی شناخت 14 سالہ عبداللہ ولد الطاف کے نام سے ہوئی۔
لاہور کی نشتر کالونی میں کچے مکان کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر 3 سالہ کرن جاں بحق اور ملبے تلے دب کر 5 افراد زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق کوٹ لکھپت میں بارش کے پانی میں کرنٹ آنے سے شہری عاشق علی جاں بحق ہوا، پولیس نے لاش تحویل میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
ایک اور واقعے میں شوکت خانم چوک کے قریب لکڑی سے بنی چھت گرنے سے دو افراد زخمی ہوئے۔
لاہور میں ہونے والی موسلادھار بارش کے نتیجے میں کاہنہ میں دیوار گرنے سے ملبے تلے دب کر 7 بکریاں بھی ہلاک ہوئیں۔
[ad_2]
Source link