13

لاہور میں نادرا میگا سینٹر پراجیکٹ کئی برس بعد بھی تاخیر کا شکار

[ad_1]

ترجمان نادرا نے کہا کہ مزید نادرا دفاتر کھولے جا رہے ہیں—فوٹو: فائل

ترجمان نادرا نے کہا کہ مزید نادرا دفاتر کھولے جا رہے ہیں—فوٹو: فائل

 لاہور: نادرا کا میگا سینٹر پراجیکٹ کئی برس سے تاخیر کا شکار ہے، حالانکہ چند برس قبل لاہور سمیت ملک بھر کے بڑے شہروں میں میگا سینٹر بنانے کا عمل شروع کیا گیا تھا جو کروڑوں روپے کے فنڈز ہونے کے باوجود پایہ تکمیل کو نہ پہنچ سکے، جس کے نتیجے میں ہزاروں افراد کو شناختی کارڈز اور ب فارم بنانے کے لیے کئی کئی گھنٹے طویل قطاروں میں لگنا پڑتا ہے۔

نادرا نے لاہور، کراچی، پشاور اور اسلام آباد سمیت دیگر شہروں میں 7 سے 10 میگا سینٹرز بنانے کا عمل شروع کیا تھا جہاں دن رات مختلف شفٹوں میں شناختی کارڈز، ب فارم، فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ سمیت دیگر دستاویزات بنائی جانی تھی مگر اس میگا سینٹر پراجیکٹ پر مکمل عمل درآمد نہ ہو سکا۔

نادرا ذرائع کے مطابق اس پراجیکٹ کے تحت لاہور میں تین میگا سینٹر بننے تھے لیکن تاحال صرف ایک بنا، اسی طرح کراچی میں چار، اسلام  آباد اور راولپنڈی میں دو، پشاور میں دو اور ملتان ایک میگا سینٹر بننا تھا مگر لوگوں کو سہولیات فراہم کرنے والے میگا سینٹر بن نہیں سکے۔

لاہور کی آباد ی اب دو کروڑ کے قریب پہنچ چکی ہے، جس کے لیے صرف ایک میگا سینٹر ہے جہاں بے پناہ رش ہوتا ہے اور 40 کاؤنٹرز میں سے 25 سے 30 کاؤنٹرز پر کام ہوتا ہے باقی بند ہی رہتے ہیں۔

اسی طرح اسلام پورہ ڈیفنس ضرار شہید روڈ  سمیت دیگر سینٹرز پر صبح سے شام تک ہزاروں مرد، خواتین، بچے، بزرگ اور جوان کئی کئی گھنٹے طویل قطاروں میں لگنے کے باوجود شناختی کارڈز، ب فارم یا فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ حاصل کرنے میں ناکام رہتے ہیں اور بعض نادرا سینٹرز میں بلاوجہ اعتراض لگا کر واپس بھجوا دیا جاتا ہے۔

نادرا سینٹرز میں ڈیٹا فیڈنگ کے دوران عملے کی جانب سے سنگین غلطیوں کی شکایات بھی سامنے آئی ہیں اور کئی شہریوں کے نام یا والدین کا نام یا تاریخ پیدائش غلط درج کی جاتی ہے جس کی وجہ سے بھی لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

ترجمان نادرا سے اس حوالے سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ نادرا خدمات کی فراہمی شہریوں کو ان کے گھر کے نزدیک فراہم کرنے کے سلسلے میں نئے نادرا دفاتر کھولے جا رہے ہیں اور ان کا دائرہ کار پھیلایا جا رہا ہے، نادرا میگا سینٹرز میں ضروریات کے پیش نظر ون ونڈو کاؤنٹرز میں بھی بتدریج اضافہ کیا جا رہا ہے۔



[ad_2]

Source link

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں