[ad_1]
کراچی: شہر قائد میں تاجر کے گھر پر دستی بم سے حملہ کیا گیا، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
پولیس کے مطابق شرافی گوٹھ کے علاقے معین آباد نمبر 2 میں مسجد طیبہ کے سامنے جنریٹر کے تاجر محمد رمضان کے گھر کی دہلیز پر دھماکا گرینیڈ کے ذریعے کیا گیا۔ اتوار کی شب ہونے والے اس گرینیڈ دھماکے میں خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
بم ڈسپوزل اسکواڈ کے افسر واقعے سے متعلق بتایا کہ حملے میں آر جی ڈی ون فیکٹری فٹڈ گرینیڈ کا استعمال کیا جس میں 64 گرام بارودی مواد تھا ۔ خوش قسمتی سے دھماکے کے وقت قریب میں کوئی موجود نہیں تھا، جس سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ۔ جائے وقوع سے گرینیڈ کا لیور ، بال بیرنگ سمیت کچھ ذرات ملے ہیں ۔
ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ بم کو 6 فٹ پتلی گلی میں گھر کی دہلیز پر پھینکا گیا ۔ جنریٹر کا تاجر (ٹھیکے دار) محمد رمضان طیبہ مسجد کی کمیٹی کا صدر بھی ہے ، جو ہفتے کی صبح اپنے کسی ذاتی کام کے سلسلے میں پنجاب کے علاقے چیچہ وطنی روانہ ہوا جب کہ اس کا بھائی محمد زبیر اور دیگر اہل خانہ گھر میں موجود تھے۔
پولیس کے مطابق محمد زبیر سمیت علاقہ مکینوں کے بیانات لے لیے گئے ہیں جب کہ حملہ آور کے بارے میں کچھ شواہد بھی ملے ہیں، بہت جلد اسے گرفتار کر لیا جائے گا ۔ واقعے کا مقدمہ علاقہ پولیس نے بیانات کی روشنی میں ایس ایچ او شرافی گوٹھ کی مدعیت میں سی ٹی ڈی پولیس اسٹیشن میں درج کر لیا ہے۔
[ad_2]
Source link