[ad_1]
کراچی: ملک بھر میں نبی آخر زماں حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کا یوم ولادت آج مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جائے گا، وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے یوم ولادت النبی کے حوالے سے عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق جشن عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلہ میں کراچی سمیت ملک بھر کی گلیوں، محلوں اور بازاروں کو خوبصورت روشنیوں، برقی قمقموں اورسبز جھنڈیوں سے سجا دیا گیا ہے جبکہ سرکاری و نجی عمارتوں پر بھی چراغاں کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ کئی بازاروں اور شاہراہوں پر محرابیں اور آرائشی دروازے بھی لگائے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ مساجد کو بھی برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے جبکہ درود و سلام اور نعت خوانی کی محافل کا انعقاد کیا جارہا ہے جبکہ فضائی درود و سلام سے معطر ہیں۔
عاشقان رسول خانہ کعبہ اور مسجد نبوی کے خوبصورت ماڈلز بنا کر سرور کائنات سے اظہار عقیدت کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ سیرت النبی کانفرنسز اور سیمینارز کا بھی انعقاد کیا گیا۔ جس میں نبی کریم حضرت محمد ۖ کی سیرت اور اسلام کی سر بلندی کیلئے کی جانے والی عظیم کوششوں کو موضوع بنایا گیا۔
جشن عید میلاد النبی ﷺ کی مناسبت سے شہر کے مختلف علاقوں میں نیاز تقسیم کرنے کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے 12 ربیع الاول کو فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔
جماعت اہلسنت کراچی کا مرکزی جلوس آج 3 بجے سہ پہر علامہ سید شاہ عبدا لحق قادری و دیگر علما ومشائخ کی قیادت میں بولٹن مارکیٹ سے برآمد ہوگا۔ جوبراستہ ایم اے جناح روڈ نشتر پارک پہنچے گا اور جماعت اہلسنت کراچی کے زیراہتمام جلسہ عید میلاد النبی 5 بجے شام نشتر پارک میں منعقد ہوگا۔
جلسے سے جید علمائے کرام خطاب و قرار دادیں پیش کرینگے۔ نماز عصر اور مغرب نشتر پارک میں ادا کی جائے گی۔ میلا د النبی کے مرکزی جلوس اور جلسہ کے انتظامات کو جماعت اہلسنت کراچی کے ایک ہزاررضا کار اور اسکاؤٹس انجام دینگے۔
علامہ شاہ عبدالحق نے اپیل کی ہے کہ عید میلاد النبی کے مرکزی جلوس کے تمام شرکا انتظامیہ اور رضاکاروں سے مکمل تعاون کریں۔ جماعت اہلسنت کراچی نے منتظمین جلوس کو ہدایت جاری کی ہیں کہ جلوس آرگنائزر ایک دوسرے کے جلوس کا احترام کر ینگے، ہر تنظیم پابندی وقت کے ساتھ جلوس نکالے، کسی بھی تنظیم کے جلوس کو روک کر داخل ہونے یا آگے نکلنے کی کو شش ہر گز نہ کی جائے۔
ایم اے جنا ح روڈ میں جلوس کے داخلے کے پوائنٹ کو استعمال کیا جائے جبکہ جلوس کی گاڑیوں کو مزار قائد کے سامنے پارک میں کھڑا کیا جائے۔ منفی نعروں پر مبنی وال چا کنگ نہ کی جائے۔ حفا ظت پر مامو مر پولیس، رینجرز کے کام میں مداخلت ہرگز نہ کی جا ئے۔ مشکوک اشیا یا شخص کی نشاندہی کی اطلاع پولیس انتظامیہ کو دی جائے۔
جماعت اہلسنت اور دیگرسنی تنظیمات و میلاد انجمنوں کی جانب سے ایم اے جناح روڈ اور شہرکے مرکزی مقامات پر بھی کیمپ قائم کئے جائیں گے۔
[ad_2]
Source link