[ad_1]
کراچی: وزیراعلیٰ سندھ نے صوبے میں حال ہی میں تعمیر کی گئی سڑکیں ٹوٹنے کی انکوائری کی ہدایات جاری کردیں۔
مراد علی شاہ کی زیرصدارت صوبے بھر میں سیلاب سے متاثرہ سڑکوں کی مرمت کے حوالے سے اجلاس ہوا، جس میں صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقی ناصر حسین شاہ، وزیر ورکس اینڈ سروسز علی حسن زرداری، چیف سیکرٹری آصف حیدر شاہ، چیئرمین پی اینڈ ڈی نجم شاہ، سیکرٹری خزانہ فیاض جتوئی، سیکرٹری ورکس محمد علی کھوسو شریک ہوئے۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اب سیلاب کی صورتحال بہتر ہوگئی ہے۔ میں چاہتا ہوں کہ اب سڑکوں کی مرمت کا کام تیزی سے شروع کرنا چاہیے۔
صوبائی وزیر ورکس اینڈ سروسز نے اجلاس میں بتایا کہ حیدرآباد ڈویژن میں 3545.39 کلومیٹر یعنی 219 سڑکوں کو نقصان پہنچا ہے۔ سکھر ڈویژن میں 319 کلومیٹر یعنی 27 سڑکیں خراب ہوئی ہیں۔ اسی طرح دادو کی 178 سڑکیں خراب ہوئی ہیں، جن کی لمبائی 124.81 کلومیٹر ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کو سڑکوں کی تصاویر دکھا کر حالات سے آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ کچھ سڑکوں پر پل، کلورٹس بھی خراب ہوئی ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے وزیر پی اینڈ ڈی ناصر شاہ اور وزیر ورکس علی حسن زرداری کو ہدایت کی کہ وہ مشترکہ اجلاس کریں۔
انہوں نے تمام متاثر سڑکوں کی مرمت کے کاموں کی لاگت بنا کر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ جلد از جلد سڑکوں کی مرمت کر کے آمد رفت کا نظام بہتر کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جو سڑکیں ماضی قریب میں بنائی گئی تھیں اگر وہ بھی خراب ہوئی ہیں تو انکوائری کرائیں۔
[ad_2]
Source link