[ad_1]
کراچی: شیرشاہ چوک کے قریب ٹریفک پولیس اہلکار اور شہری کو فائرنگ کرکے قتل کیے جانے کی واردات کا مقدمہ 2 نامعلوم مسلح ملزمان کے خلاف درج کر لیا گیا جبکہ دہرے قتل کی واردات میں ملوث ملزمان کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کر لی گئی۔
تفصیلات کے مطابق ہفتے کو سائٹ بی تھانے کے علاقے شیر شاہ چوک کے قریب موٹر سائیکل سوار نامعلوم مسلح کی فائرنگ سے ٹریفک پولیس اہلکار خدا بخش اور پرانے جوتے فروخت کرنے والا شہری غوث اللہ جاں بحق ہوگئے تھے۔
گزشتہ روز دہرے قتل کی واردات کا مقدمہ 24/294 بجرم دفعہ 302، 34/ 397 اور انسداد دہشت گردی کی دفعہ 7 اے ٹی اے کے تحت سائٹ ٹریفکس سیکشن میں تعینات سب انسپکٹر لال بخش کی مدعیت میں درج کیا گیا۔
مدعی مقدمہ کے مطابق ہفتے کی دوپہر شیرشاہ چوک کے قریب غنی چورنگی کی طرف سے آنے والی روڈ پر فائرنگ کی آواز سنی، میں دوسری جانب ٹریفک کنٹرول کر رہا تھا لیکن فائرنگ کی آواز سن کر شیرشاہ چوک کی جانب آیا جہاں ٹریفک اہلکار خدا بخش اور ایک راہگیر کو زخمی حالت میں ایمبولینس میں ڈالا جا رہا تھا۔
عینی شاہدین سے پتا چلا کہ ون ٹو فائیو موٹر سائیکل پر 2 افراد آئے اور اہلکار خدا بخش پر فائرنگ کی لیکن بعد میں ٹریفک پولیس اہلکار خدا بخش اور راہگیر غوث اللہ نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا، مسلح ملزمان ٹریفک پولیس اہلکار کا 9ایم ایم سرکاری پستول بھی چھین کر فرار ہوگئے۔
دوسری جانب، پولیس نے دہرے قتل کی واردات میں ملوث ملزمان کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی ہے۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان کے چہرے اور حلیہ واضح ہے، فائرنگ کرنے والے ایک ملزم نے پینٹ شرٹ اور دوسرے نے شلوار قمیض پہن رکھی تھی۔ مسلح ملزمان نے واردات کے فرار ہونے کے لیے جس روٹ کا استعمال کیا وہاں سے بھی سی سی ٹی وی حاصل کر لی گئیں۔
[ad_2]
Source link