[ad_1]
لاہور: اینٹی نارکوٹکس فورس(اے این ایف) نے تعلیمی اداروں میں منشیات فروخت کرنے والے 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف کارروائیوں میں 32 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 16 کلو گرام منشیات برآمد کرکے خاتون سمیت 10 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ گرفتار افراد میں تعلیمی اداروں میں منشیات فروخت کرنے والے 5 ملزمان بھی شامل ہیں۔
راولپنڈی میں لالہ زار روڈ پر 2 کاروائیوں کے دوران یونیورسٹی کے قریب 69 گرام چرس برآمد کر کے 2 ملزمان کو گرفتارکرلیا گیا جبکہ اٹک میں یونیورسٹی کے قریب ملزم سے 50 گرام آئس برآمد ہوئی۔ فیصل آباد میں یونیورسٹٰی کے قریب منشیات فروش کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے 600 گرام آئس برآمد کر لی گئی جبکہ کالج کے قریب سے گرفتار ملزم سے 300 گرام چرس اور 200 گرام آئس برآمد ہوئی۔
اے این ایف کے مطابق موٹروے ٹول پلازہ اسلام آباد کے قریب مسافر وین میں سوار خاتون سے 2.4 کلوگرام چرس برآمد ہوئی جبکہ کوئٹہ میں شہباز چوک کے قریب ملزم کے قبضے سے 940 گرام چرس برآمد کی گئی۔
لاہور میں کینال روڈ پر ملزم کے قبضے سے 1 کلو 40 گرام ہیروئن، کوریئرآفس میں بحرین بھیجے جانے والے پارسل سے 450 گرام آئس اور والٹن روڈ پر ملزم سے 360 گرام ہیروئن برآمد ہوئی۔ جامشورو بس اسٹاپ کے قریب ملزم سے 9 کلو چرس برآمد کی گئی۔گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
[ad_2]
Source link