46

دبئی سے پشاور جانے والی پرواز کی غلطی سے کراچی لینڈنگ کی خبروں پرپی آئی اے کی وضاحت

  کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز نے دبئی سے پشاور جانے والی پرواز کی غلطی سے کراچی لینڈنگ کی خبروں پر وضاحت جاری کردی۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق کراچی سے دبئی کی پرواز پی کے 213 میں دوران پرواز کیبن میں ہوا کا دباؤ کم ہونے کی وارننگ آئی جس پر  جہاز کے کپتان نے ضابطے کے مطابق جہاز کی اونچائی 10 ہزار فٹ کی اور 15 منٹ بعد بحفاظت دبئی لینڈ کرگیا۔

دبئی میں جانچ پڑتال کے بعد وارننگ غلط ثابت ہوئی اور ضروری چیکس کے بعد جہاز کو واپس روانہ کردیا گیا۔

مذکورہ پرواز کی دبئی میں آپریشنل وجوہات کی بنیاد پر تاخیر سے روانگی کی وجہ سے عملے کی ڈیوٹی ٹائم لمٹ مقررہ حد سے تجاوز کرگئی تھی، جس کے بعد فضائی حفاظت کے قوانین کے تحت جہاز کو کراچی لایا گیا اور عملے کی تبدیلی کے بعد پشاور روانہ کردیا گیا۔

ان واقعات کے دوران تمام احتیاطی اقدامات حفظ ماتقدم کے طور پر کیے گئے اور کسی بھی موقع پر کسی قسم کو رسک نہیں لیا گیا۔

ترجمان کے مطابق یہ خبریں کہ دبئی سے پشاور جانے والی پرواز غلطی سے کراچی لینڈ کرگئی، بے بنیاد اور ہوابازی سے لا علمی ظاہر کرتی ہے، جدید ایوی ایشن میں جہاز کا غلطی سے دوسرے ایئرپورٹ پر چلے جانے کا  کوئی امکان نہیں ہے۔

ترجمان کے مطابق پی آئی اے فضائی حفاظت کے تمام مروجہ بین الاقوامی قوانین و ضوابط پر مکمل طور پر کاربند ہے۔

 





Source link

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں