[ad_1]
کوئٹہ: وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کراٹے کومبیٹ میں عالمی سطح پر جیت کا ٹائٹل برقرار رکھنے پر بلوچستان سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی شاہ زیب رند کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار اور حکومت بلوچستان کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ہے۔
کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے عالمی کراٹے کمبیٹ کھلاڑی شاہ زیب رند منگل کو کوئٹہ پہنچے وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے عالمی کھلاڑی شاہ زیب رند کو کوئٹہ ائیر پورٹ پر خوش آمدید کہا اور گلے سے لگایا۔
وزیر اعلی نے شاہ زیب رند کو جیت کا تسلسل برقرار رکھنے پر مبارکباد دی اور فتح کے لئے جہد مسلسل اور محنت پر شاباش دی۔ شاہ زیب رند سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ آپ بلوچستان اور پاکستان کا فخر ہیں اور آپ جیسے باصلاحیت نوجوانوں سے ہی ملک کا روشن مستقبل وابستہ ہے، بلوچستان کے نوجوانوں کے لئے آپ ترقی کی روشن مثال ہیں۔
وزیراعلی نے شاہ زیب رند کی مسلسل جیت پر مسرت کا اظہار کیا اور انہیں وزیر اعلی ہاؤس مدعو کیا اس موقع پر صوبائی وزرا بخت محمد کاکڑ، میر عاصم کرد گیلو، وزیر اعلی کی مشیر برائے کھیل مینا مجید بلوچ، مشیر محنت و افرادی قوت سردار غلام رسول عمرانی، پارلیمانی سیکرٹری عبدالصمد گورگیج ، ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند، سیکرٹری کھیل قمر بلوچ، کمشنر کوئٹہ ڈویعن حمزہ شفقات ڈائریکٹر جنرل کھیل یاسر خان بازئی اور دیگر اعلی حکام بھی موجود تھے۔
شاہ زیب رند نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ پہنچنے پر بہت خوشی ہوئی جبکہ اسلام آباد پہنچنے پر استقبال دیکھ کر مایوسی ہوئیتھی، بلوچستان کے نوجوانوں میں بہت ٹیلنٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرا مدمقابل دنیا کا سب سے بڑا فائٹر تھا شروع میں مجھے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا مگر پھر گیم میں میری واپسی آئی اور حریف فائٹر کو پہلی بار مجھ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
مشیر کھیل مینا مجید نے کہاکہ شاہ زیب رند کا تعلق بلوچستان سے ہے ہمیں خوشی ہے شاہ زیب رند نے بلوچستان اور پاکستان کا نام روشن کیا، وسائل کی کمی کے باوجود انہوں نے کامیابی حاصل کی، شاہ زیب رند کو تمام وسائل دیں گے تاکہ وہ آئندہ بھی ملک کا نام روشن کرسکیں ہرممکن کوشش کریں گے کہ شاہ زیب رند کو آئندہ فائٹ میں معاشی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
[ad_2]
Source link