[ad_1]
کراچی: اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ بارہویں جماعت سائنس پری میڈیکل گروپ کے سالانہ امتحانات برائے 2024ء کے نتائج کا اعلان کردیا، طالبات نے تینوں پوزیشنیں حاصل کرلیں۔
چیئرمین انٹربورڈ سید ذوالفقار علی شاہ نے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ پری میڈیکل گروپ کے امتحانات میں پہلی تینوں پوزیشنیں طالبات نے حاصل کیں۔
پری میڈیکل کے امتحانات میں بی اے ایم ایم پی ای سی ایچ ایس گورنمنٹ کالج فار ویمن کی دعا بنت مبشر علی صدیقی رول نمبر 909031 نے ٹوٹل 1100میں سے 1004نمبرز اے ون گریڈ کے ساتھ پہلی پوزیشن، بحریہ کالج کارساز کی طالبہ شفا بنت طفیل رول نمبر 919009 نے 1001نمبرز اے ون گریڈ کے ساتھ دوسری پوزیشن جبکہ بی اے ایم ایم پی ای سی ایچ ایس گورنمنٹ کالج فار ویمن کی سیدہ سعدیہ محفوظ بنت محفوظ کریم رول نمبر 908968نے 1000نمبرز اے ون گریڈ کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔
ناظم امتحانات زرینہ راشد نے نتائج کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ پری میڈیکل گروپ کے امتحانات میں 29ہزار 149امیدواروں نے رجسٹریشن حاصل کی جبکہ 28ہزار 434امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے جس میں سے 14ہزار 948 امیدوار کامیاب قرار پائے اس طرح کامیابی کا تناسب 52.57 فیصد رہا۔
ان امتحانات میں 1530امیدوار اے ون گریڈ، 3452 اے گریڈ، 4194 بی گریڈ، 4127سی گریڈ، 1606 ڈی گریڈ اور 39امیدوار ای گریڈ میں کامیاب ہوئے۔
نتائج بورڈ کی ویب سائٹ www.biek.edu.pk پر اپ لوڈ کردیے گئے ہیں۔ امیدوا ر اپنے نتائج اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کی آفیشل اینڈرائڈ ایپ پر بھی دیکھ سکتے ہیں۔ اینڈرائڈ ایپ کو گوگل پلے اسٹور پر BIEK کے نام سے سرچ کر کے موبائل میں انسٹال کیا جاسکتا ہے۔
چیئرمین سید ذوالفقار علی شاہ نے کامیاب ہونے والی طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ انٹرمیڈیٹ کے تمام گروپس کے نتائج کے اعلان کے بعد پوزیشن ہولڈرز طلبہ کی حوصلہ افزائی کیلیے ان کے اعزاز میں ایک بڑی تقریب منعقد کی جائے گی جس میں طلبہ کے ساتھ والدین، اساتذہ اور میڈیا کو بھی مدعو کیا جائے گا۔
[ad_2]
Source link