[ad_1]
کراچی: شہر قائد کے علاقے اتحاد ٹاؤن میں موٹر سائیکل سوار نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق بلدیہ 9 نمبر پکوڑا چوک کے قریب موٹرسائیکل پر سوار ملزمان نے دوست کے ساتھ جانے والے شہری پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر جاں بحق ہوگیا۔
ایس ایچ او اتحاد ٹاؤن ایاز خان نے بتایا کہ مقتول کی شناخت 30 سالہ آصف کے نام سے کی گئی جبکہ ابتدائی تحقیقات میں عینی شاہدین نے بتایا کہ مقتول بلدیہ 9 نمبر پکوڑا چوک کے قریب اپنے کسی دوست کے ہمراہ خالی دیگ لیکر جا رہا تھا کہ اس دوران موٹر سائیکل سوار نامعلوم ملزمان نے اسے فائرنگ کا نشانہ بنا کر قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کا خول، میگزین اور 2 گولیاں ملی ہیں جبکہ مقتول کا دوست موقع سے غائب ہے جسے پولیس تلاش کر رہی ہے تاکہ اس سے واردات کے حوالے سے مزید معلومات حاصل کی جا سکے۔
پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے ملزم کا قتل ذاتی رنجش کا شاخسانہ ہوسکتا ہے تاہم حتمی تحقیقات کے بعد ہی کوئی بات کہی جائے گی،جبکہ پولیس مقتول کے ورثا سے بھی اس حوالے سے مزید معلومات حاصل کر رہی ہے۔
[ad_2]
Source link