انقرہ: پاکستان کی معروف صوفی گلوکارہ صنم ماروی نے ترکی کے تاریخی شہر کونیا میں منعقدہ عالمی صوفی میوزک فیسٹیول میں اپنی دلکش آواز اور صوفی روایات سے گہری وابستگی کے ذریعے حاضرین کو مسحور کر دیا۔
پاکستانی سفارتخانے کے ناظم الامور شائق احمد بھٹو اور کونیا میونسپلٹی کے جنرل سیکریٹری ایرکان ارسو نے صنم ماروی کی پرفارمنس کو سراہا۔
شائق احمد بھٹو نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور ترکی کے برادرانہ تعلقات صدیوں پر محیط ہیں اور ان کی بنیاد مشترکہ مذہبی، ثقافتی اور روحانی ورثے پر ہے، پاکستان سفارتخانہ کونیا میونسپلٹی کے ساتھ مل کر اس مشترکہ ورثے کو فروغ دینے والے ثقافتی پروگرامز کا انعقاد جاری رکھے گا۔
صنم ماروی نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ’کونیا، رومی کے شہر میں گانا میرے لیے ایک بہت بڑا اعزاز ہے۔ مجھے امید ہے کہ میری موسیقی دوسروں کو صوفی تعلیمات اور محبت و اتحاد کے پیغام کی خوبصورتی کو سمجھنے کی ترغیب دے گی۔‘