[ad_1]
کراچی: ایف آئی اے سائبر کرائم رپورٹنگ سینٹر نے شہر کے 3 مختلف مقامات پر چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران آئی ٹی کال سینٹرز کے ذریعے حوالہ ہنڈی میں ملوث 6 ملزمان اور خاتون کو ہراساں کرنے والے ایک ملزم کو بھی گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے کی جانب سے گلستان جوہر، اسکیم 33 اور جوہر چورنگی کے علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیاں کی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے آئی ٹی کال سینٹرز پر چھاپہ مار کارروائیوں میں 6 ملزمان حارث احمد، سنی کھوکھر، دانیال، حسن، مصطفیٰ ریاض اور ارتضیٰ کو گرفتار کیا۔
ملزمان پاکستان میں آمدنی کو حوالہ ہنڈی کے ذریعے بیرون ملک ذاتی اکاؤنٹس میں منتقل کرتے تھے جبکہ ملزمان بیرون ملک شہریوں کو اپنا تعارف بطور سوشل سیکیورٹی اہلکار کراتے تھے۔ مذکورہ شہریوں کو ان کے لیے گئے قرضے پر شرح سود کو کم کرانے کا بھی لالچ دیتے تھے اور شہریوں سے ان کے کریڈٹ کارڈ کی تفصیلات حاصل کرنے کے بعد ہزاروں ڈالر کا فراڈ کرتے تھے۔
سائبر حکام کے مطابق گرفتار ملزمان مشہور کریڈٹ کارڈ کمپنیوں کا نمائندہ ظاہر کر کے ملکی و غیر ملکی افراد کو فون کرتے اور کال پر شہریوں کے کارڈ کی خفیہ معلومات حاصل کرنے کے بعد فراڈ کرتے تھے جبکہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے کال سینٹرز کی کالز غیر ملکی نمبر سے کی گئی ظاہر کی جاتی تھیں۔
دریں اثنا، ایف آئی اے سائبر کرائم حکام کے مطابق سابق منگیتر کی نازیبا ویڈیوز اور تصاویر کے ذریعے بلیک میل کرنے والے ملزم ندیم علی کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔
ایف آئی اے نے بتایا کہ ملزم نے منگنی ختم ہونے کے بعد سابق منگیتر کی نازیبا تصاویر اور ویڈیوز فیس بک پر اَپ لوڈ کی تھیں، ملزم نے ہراسگی اور بلیک میلنگ کے لیے سابقہ منگیتر کے نام سے جعلی فیس بک آئی ڈی بنائی تھی جبکہ گرفتار ملزم ندیم علی سے نازیبا ویڈیوز اور تصاویر کے لیے زیر استعمال موبائل فون بھی برآمد کرلیا گیا۔
[ad_2]
Source link