38

فتنتہ الخوارج اور پی ٹی ایم کا گٹھ جوڑ کھل کر سامنے آگیا

  اسلام آباد: فتنتہ الخوارج اور پی ٹی ایم کا گٹھ جوڑ کھل کر سامنے آگیا، فتنتہ الخوارج نے پشتون قومی عدالت کی حمایت میں ضلع خیبر میں 5 روزہ فائر بندی کا اعلان کردیا جو کہ 9 سے 13 اکتوبر تک ہوگی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کالعدم پشتون تحفظ موومنٹ نے 11 اکتوبر 2024ء کو شرانگیزی کی غرض سے ضلع خیبر میں نام نہاد ”پشتون قومی عدالت“ کے انعقاد کا اعلان کر رکھا تھا، کالعدم پی ٹی ایم کی سرگرمیاں بظاہر پشتون عوام کے حقوق کی جنگ ہے مگر حقیقت اس کے برعکس ہے، غیور پشتون قبائل میں ریاست مخالف نظریات اور نفرت کا بیج بونے والی کالعدم پی ٹی ایم فتنتہ الخوارج کا سیاسی روپ ہے۔

اطلاعات کے مطابق فتنتہ الخوارج کا قیام نام نہاد شریعت کے نفاذ پر ہوا مگر جاری کردہ اعلامیہ میں اسی زبان کا استعمال کیا گیا ہے جو کالعدم پی ٹی ایم کرتی آئی ہے۔ فتنتہ الخوارج کے اعلامیہ میں پی ٹی ایم اور اس کے نام نہاد منشور کے مطابق زبان اور الفاظ کا چناؤ کیا گیا ہے جو کہ ان کے گٹھ جوڑ کو ثابت کرتا ہے۔

دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ فتنتہ الخوارج کی جانب سے پشتون علاقوں کو گزشتہ دو دہائیوں سے آگ اور خون میں نہلایا گیا جبکہ ان کے جاری اعلامیہ میں مظلومیت کا تاثراور پاکستان کی مسلح افواج پر کیچڑ اچھالا گیا۔ فتنتہ الخوارج کا5 روزہ فائر بندی کا اعلان دراصل معصوم پشتون اقوام میں اپنے لئے ہمدردی جگانے کی ناکام کوشش ہے۔

دفاعی ماہرین کے مطابق جاری کردہ اعلامیہ میں مجبوراً اسلحہ اٹھانے کی بات تاریخی طور مکمل جھوٹ ہے کیونکہ فتنتہ الخوارج کا قیام دراصل پاکستان دشمن قوتوں کی فنڈنگ اور سہولت کے ذریعے ہوا جس کے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں۔ کالعدم پی ٹی ایم دراصل فتنتہ الخوارج کا ہی دوسرا روپ ہے جن کے نظریات ریاست مخالف ایجنڈے پر مبنی ہیں۔

فتنتہ الخوارج عوام میں اپنی تشہیر کرنے سے قاصر ہے اور کمزور ہو چکی ہے لہٰذا کالعدم پی ٹی ایم نے پشتون کارڈ کے ذریعے یہ ذمہ داری سنبھال رکھی ہے۔

فتنتہ الخوارج کا کالعدم پی ٹی ایم کے حق میں بیان واضح کرتا ہے کہ پاکستان اور بالخصوص خیبرپختونخوا میں انتشار پھیلانے کیلئے دونوں تنظیموں کو دشمن ممالک کی سہولت کاری حاصل ہے۔ دہشت گردوں کی جانب سے خیبرپختونخوا میں جاری خونریزی اور ظلم کیخلاف آج تک منظورپشتین نے نہ ہی کوئی مذمتی بیان دیا اور نہ ہی احتجاج ریکارڈ کرایا۔

ماہرین کے مطابق پختونخوا میں فساد برپا کرنے والی دہشت گرد تنظیموں کے خلاف جہاں سکیورٹی فورسز نبرد آزما ہے وہاں پی ٹی ایم مظلومیت کا لبادہ اوڑھ کر ان دہشت گردوں کی حمایت کر رہی ہے۔ فتنتہ الخوارج کی جانب سے کالعدم پی ٹی ایم کے حق میں جاری کردہ اعلامیہ پاکستان کے خلاف دونوں کے گٹھ جوڑ پر مہر تصدیق ثبت کرتا ہے۔





Source link

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں