[ad_1]
پشاور: خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک بچہ پولیو وائرس سے متاثر ہوا ہے جس کے بعد صوبے میں اس سال پولیو کیسز کی تعداد چار ہوگئی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان کی قومی پولیو لیبارٹری نے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل درازیندہ کی یونین کونسل مورگہ میں 22 ماہ کے ایک بچے میں پولیو وائرس انفیکشن کی تصدیق کی ہے۔
پولیووائرس سے متاثرہ اس بچے کے فضلہ کے نمونے قومی ادارہ صحت اسلام آباد کی لیبارٹری بھجوائے گئے تھے جہاں تفصیلی تجزیئے کے بعد اس بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی۔
قبل ازیں ضلع مہمند، ٹانک اور کوہاٹ میں بھی پولیو کا ایک ایک کیس رپورٹ ہوا تھا۔ یوں اس سال خیبر پختونخوا سے رپورٹ ہونے والے پولیو کیسز کی تعداد چار اور ملک بھر میں مجموعی پولیو کیسز کی تعداد 32 ہو گئی۔
صوبائی ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کے ڈپٹی کوآرڈی نیٹر محمد ذیشان خان نے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے اس بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ انتہائی دکھ اور افسوس کی بات ہے کہ ایک اور بچہ پولیو وائرس کا شکار ہو کر معذور ہوگیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت صوبے سے پولیو وائرس کے مکمل خاتمے کیلئے کوشاں ہے اور اس سلسلے میں ہر ممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں تاہم مختلف قسم کے درپیش مسائل و مشکلات کی وجہ سے بچوں میں معذوری کا سبب بننے والا یہ وائرس اب بھی موجود ہے۔
محمد ذیشان خان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اس موذی مرض کے خاتمے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں اور ہم اس وائرس کا صوبے سے مکمل خاتمہ یقینی بنا کر ہی دم لیں گے۔
[ad_2]
Source link