[ad_1]
کراچی: شہرمیں گرمی کی لہر بدستورجاری ہے جبکہ مضافات میں ہلکی اور درمیانی شدت کی بارش ہوئی تاہم باقی ماندہ علاقوں میں گرم وخشک موسم ریکارڈ ہوا اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39ڈگری سینٹی گریڈ رہا
محکمہ موسمیات کے مطابق نچلی سطح کی فضاوں میں ہوا کے زیادہ دباؤ کے نتیجے میں جمعے کو بھی سمندر کی جنوب مغربی ہوائیں غیرفعال رہیں، بلوچستان کی شمال مغربی سمت سے چلنے والی گرم اور خشک ریگستانی ہواؤں کے سبب دن کے وقت لوکے تھپیڑے چلے۔
محکمہ موسمیات نے کہا کہ شہرکا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39ڈگری اور ہوا میں نمی کا تناسب 59فیصد رہا،گرم موسم کی وجہ سے شہرکے مضافات میں تھنڈر سیلز بننے کے سبب اورنگی ٹاون، گلستان جوہر،کارساز،گلشن اقبال بلاک 10 اور شاہراہ فیصل سمیت دیگرعلاقوں میں تیسرے روز بھی کہیں ہلکی اور کہیں درمیانی شدت کی بارش ہوئی۔
اعدادوشمارکے مطابق سب سے زیادہ بارش اولڈ ٹرمینل پر11 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی، پی اے ایف بیس فیصل پر7.5ملی میٹر، یونیورسٹی روڈ پر1.6ملی میٹر اور اورنگی ٹاؤن میں ایک ملی میٹربارش ہوئی۔
ارلی وارننگ سینٹر کی جانب سے جاری الرٹ کے مطابق جنوب مشرقی بحیرہ عرب کے اوپرکم دباؤبن گیا، جس کا فاصلہ کراچی سے تقریباً ایک ہزار کلومیٹر ہے، سازگار ماحولیاتی حالات کی وجہ سے امکان ہے کہ نظام اگلے 2 سے 3 روزکے دوران ڈپریشن میں تبدیل ہوجائےگا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ابتدائی طور پر سسٹم شمال مغرب کی طرف بڑھےگا، فی الحال پاکستان کا کوئی بھی ساحلی علاقہ اس موسمی نظام سے متاثر ہونے کا امکان نہیں ہے تاہم سائیکلون وارننگ سینٹر کراچی سسٹم کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے۔
[ad_2]
Source link