[ad_1]
پشاور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی کے رکن اور صوبائی ترجمان اختیار ولی نے خیبرپختونخوا (کے پی) حکومت کی جانب سے پولیس ایکٹ 2017 میں ترمیم کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس فورس کو ذیلی تنظیم بنانا خطرناک کھیل ثابت ہوگا۔
مسلم لیگ(ن) خیبرپختونخوا کے ترجمان اختیار ولی نے ویڈیو بیان میں کہا کہ خیبرپختونخوا کی حکومت اور وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے یہ اعلان کیا ہے کہ وہ آئی جی خیبرپختونخوا یعنی پولیس فورس سے تبادلوں اور تعیناتی کے اختیارات واپس لے کر اپنے پاس رکھنا چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس پولیس فورس کو تحریک انصاف کی ذیلی تنظیم بنانا خطرناک کھیل ثابت ہوگا اور ہم ہر سطح پر اس کی مخالفت کریں گے۔
انہوں نے صوبائی حکومت کو مخاطب کرکے کہا کہ پولیس ایکٹ 2016 اور2017 کےحوالے سے آپ کے لیڈر نے اتنی تشہیر کی تھی کہ ہم نے خیبرپختونخوا میں ایک مثالی پولیس قائم کی ہے، کیا آپ کا وہ فیصلہ غلط اور جھوٹا تھا کہ یہ مثالی پولیس بن گئی ہے یا پہلی پولیس کو سیاسی کہنے کی آپ کے لیڈر کی بات غلط تھی۔
اختیار ولی نے کہا کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور اب پولیس کے سارے اختیارات اپنے پاس رکھنا چاہتے ہیں لیکن ہم ان کو یہ غیر قانونی اقدام نہیں کرنے دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس پولیس کو ہم شہدا فورس کہتے ہیں، اس کو سیاسی کرنے نہیں دیں گے اور اگر پولیس فورس کو آپ نے سیاسی بنانے کی کوشش کی تو ایسے حالات میں ہم اپنے شہدا فورس کے ساتھ کھڑے ہوں گے اور جہاں تک ممکن ہوگا ہم آپ کا راستہ روکیں گے۔
رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ آپ کے اس غیر قانونی اور غیرآئینی اقدام کو پولیس فورس بھی قبول نہیں کر رہی ہے اور پولیس کے اعلیٰ افسران خدشات کا اظہار کر چکے ہیں۔
اختیار ولی نے دعویٰ کیا کہ کئی پولیس افسران یہاں سے اپنے تبادلے کروا کر دوسرے صوبوں کو جا سکتے ہیں یا استعفیٰ دے سکتے ہیں۔
[ad_2]
Source link