[ad_1]
کراچی: اورنگی ٹاؤن میں شہری کو تشدد کے بعد زنجیر سے جکڑ کر بجلی کے پول سے باندھنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پیر آباد کے علاقے اورنگی ٹاؤن 5 نمبر میں فروٹ فروش نے مبینہ چور کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنا کر اسے زنجیر سے جکڑ کر باندھ دیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مبینہ چور کو گلے میں زنجیر سے باندھ کر اس میں تالا لگا دیا جبکہ زنجیر کا دوسرا سرا بجلی کے پول سے باندھ کر اس میں بھی تالا لگا دیا، مبینہ چور کی ناک سے خون بھی نکل رہا تھا۔
ویڈیو وائرل ہونے پر ایس پی ویسٹ طارق الہٰی مستوئی نے فوری نوٹس لیتے ہوئے واقعے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کی ہدایت جاری کی، اس حوالے سے ایس ایچ او پیر آباد امتیاز میر جت نے بتایا کہ واقعے میں ملوث فروٹ کا ٹھیلا لگانے والے ملزم امیر اللہ کو پولیس نے گرفتار کر کے پکڑے گئے بلال نامی شہری کو اپنی تحویل میں لے لیا۔
ابتدائی تفتیش میں گرفتار ملزم نے شہری بلال پر الزام عائد کیا ہے کہ اس نے دو روز قبل میرے فروٹ کے ٹھیلے سے ڈھائی ہزار روپے چوری کیے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تشدد کا نشانہ بنائے جانے والا بلال نشے کا عادی ہے تاہم پولیس نے اسے علاج کی غرض سے اسپتال منتقل کر دیا ہے جبکہ واقعے کا مقدمہ متاثرہ شہری بلال کی مدعیت میں درج کر کے انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا جو واقعہ کی مزید تفتیش کر رہی ہے۔
[ad_2]
Source link