[ad_1]
کراچی: اقبال مارکیٹ پولیس نے اورنگی ٹاؤن میں مبینہ مقابلے کے دوران پولیس اہلکار کے قتل میں ملوث 2 ڈاکوؤں کو ہلاک کر دیا۔
اقبال مارکیٹ پولیس نے اورنگی ٹاؤن میں مبینہ مقابلے کے دوران 2 ڈاکوؤں کو ہلاک کر دیا جو کہ پولیس اہلکار کے قتل میں ملوث بتائے جاتے ہیں جبکہ گلستان جوہر میں سیکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے ایک ڈاکو ہلاک جبکہ ساتھی زخمی ہوگیا۔ اس دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شہری بھی زخمی ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق اقبال مارکیٹ پولیس نے اورنگی ٹاؤن کے علاقے میں انتہائی مطلوب جرائم پیشہ عناصر کی اطلاع پر مخصوص مقام کا محاصرہ کرلیا اس حوالے سے ایس ایس پی ویسٹ طارق الہی مستوئی نے بتایا کہ پولیس کو دیکھ کر ڈاکو فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے کہ پولیس سے ان کا مقابلہ ہوا اور فائرنگ کے تبادلے میں دونوں ڈاکو شدید زخمی ہوگئے جو بعدازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگئے۔
مقابلے کے دوران مارے جانے والے ڈاکوؤں کی شناخت نجیب اللہ اور فہیم کے نام سے کی گئی جن کے قبضے سے 2 پستول ، گولیاں ، چلیدہ خولز ، 2 موبائل فونز ، نقدی اور زیر استعمال 125 موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔
ڈاکوؤں کے قبضے سے ملنے والا اسلحہ ، گولیاں اور موبائل فونز سمیت دیگر سامان پولیس نے اپنے قبضے میں لے لیا ہے جبکہ مارے گئے ڈاکو جمعرات کی صبح شہید کیے جانے والے پولیس اہلکار عبدالغفار کے قتل میں ملوث ہیں اور عادی جرائم پیشہ ہیں جن کا کرمنل ریکارڈ بھی سامنے آیا ہے۔
دریں اثنا گلستان جوہر کے علاقے منور چورنگی کے قریب سیکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے ایک ڈاکو ہلاک جبکہ اس کا ساتھی زخمی ہوگیا۔
ڈاکوؤں کی فائرنگ سے نوجوان بھی گولی لگنے سے زخمی ہوگیا واقعہ کی اطلاع ملتے ہی گلستان جوہر پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور ہلاک ڈکیت کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کر دی۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ فوری طور پر ہلاک ڈاکو کی شناخت نہیں ہو سکی جس کی عمر 25 سال کے قریب بتائی جاتی ہے جبکہ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی شہری کو 18 سالہ اویس اور سیکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے زخمی حالت میں گرفتار ڈکیت کو 28 سالہ سمیر کے نام سے شناخت کیا گیا ہے جنھیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
تاہم اس حوالے سے گلستان جوہر پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے۔ پولیس نے ہلاک و زخمی ڈکیت کے قبضے سے ملنے والا اسلحہ ، گولیاں اور دیگر سامان اپنے قبضے میں لے لیا۔
[ad_2]
Source link