[ad_1]
CHRISTCHURCH,:
نیوزی لینڈ کے بیٹر چیڈ بوویس نے فوڈ ٹرافی میں کینٹربری کی نمائندگی کرتے ہوئے اوٹاگو کے خلاف لسٹ اے میچ میں تیز ترین ڈبل سنچری بنا کر ریکارڈ قائم کردیا۔
معروف کرکٹ ویب کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق نیوزی لینڈ کی لسٹ اے کرکٹ میں کینٹربری کے تجربہ کار بیٹر چیڈ بوویس نے 50 اوور کے میچ میں ڈبل سنچری کا سنگ میل عبور کرنے کے لیے 103 گیندوں کا سہارا لیا، جس میں 7 چھکے اور 27 چوکے شامل تھے۔
نیوزی لینڈ کے 32 سالہ بیٹر چیڈ بوویس بطور اوپنر کھیلتے ہوئے 205 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو ان کا اسٹرائیک ریٹ 186.36 تھا جبکہ ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں پر 343 رنز بنائے، ان کی ٹیم میں نیوزی لینڈ کی قومی ٹیم کے ہنری نیکولس جیسے تجربہ کار بلے باز بھی موجود تھے تاہم وہ صفر پر پویلین لوٹ گئے تھے۔
پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں اوٹاگو کی پوری ٹیم 25 ویں اوور میں 103 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور 240 رنز سے شکست ہوئی۔
چیڈ بوویس ٹی20 لیگز میں بھی حصہ لیتے ہیں اور نیوزی لینڈ کے لیے 6 ون ڈے اور 11 ٹی20 انٹرنیشنل بھی کھیل چکے ہیں، اس کے علاوہ انہوں نے جنوبی افریقہ کی انڈر 19 ٹیم کے لیے بھی کھیلا ہے۔
انہوں نے پاکستان کے خلاف بھی 5 ٹی20 اور دو ون ڈے میچز کھیلے اور گزشتہ برس پاکستان کا دورہ کرنے والی کیوی ٹیم کا حصہ تھے، اس دوران انہوں نے راولپنڈی اور لاہور میں اپنی ٹیم کی نمائندگی جہاں 20 اپریل 2023 کو راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں 54 رنز کی اننگز کھیلی تھی جو ان کا بڑا اسکور ہے۔
لسٹ اے کرکٹ میں اس سے قبل تیز ترین ڈبل سنچری کا ریکارڈ آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ اور بھارت این جیگادیسان کے پاس مشترکہ طور پر تھا اور انہوں نے 114 گیندوں پر یہ ریکارڈ بنایا تھا۔
ٹریوس ہیڈ نے جنوبی آسٹریلیا کی جانب سے کوئنزلینڈ کے خلاف 22-2021 میں یہ ریکارڈ بنایا تھا جبکہ بھارت کے این جیگادیسان نے وجے ہزارے ٹرافی 2022 کے دوران ایک میچ میں تامل ناڈو کی نمائندگی کرتے ہوئے اروناچل پردیش کے خلاف تیز ترین ڈبل سنچری بنائی اور ریکارڈ 277 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔
[ad_2]
Source link