41

چیمپیئنز ٹرافی انتظامات؛ آئی سی سی وفد 10نومبر کو لاہور پہچنے گا


لاہور:

چیمپیئنز ٹرافی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے آئی سی سی کا وفد 10 نومبر کو لاہور آئے گا۔

ڈائریکٹر انفرا اسٹرکچر پی سی بی قاضی جواد احمد کے مطابق آئی سی سی کا وفد تین دن پاکستان میں رہے گا، انہیں تیاریوں کے حوالے سے مکمل بریفنگ دی جائے گی۔

میڈیا نمائندوں کو قذافی اسٹیڈیم اَپ گریڈیشن کے حوالے سے گفتگو کے دوران انہوں نے یہ موقف اختیار کیا ہے کہ مین بلڈنگ سمیت 45 فیصد مجموعی کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ 31 دسمبر کی ڈیڈ لائن تک اسٹیڈیم کا تعمیراتی کام پایہ تکمیل تک پہنچ جائے گا۔

مزید پڑھیں؛ پاکستان میں اسٹیڈیمز کا معیارعالمی سطح کا کیا جائیگا، محسن نقوی

ڈائریکٹر انفرا اسٹرکچر کے مطابق پویلین کی مین بلڈنگ کا کام اب فنشنگ مرحلے میں داخل ہونے جا رہا ہے، 260 مجموعی کالمز میں سے 120 مکمل ہوچکے، تین شفٹوں میں سیکڑوں ورکر رات دن اس پراجیکٹ کی تکمیل کے لیے کوشاں ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ جدید لائٹس ٹاورز کے ساتھ اسٹیڈیم میں نئی کرسیاں لگائی جائیں گی، دو نئی اسکرینز کی تنصیب بھی پلان میں شامل ہے، فار اینڈ بلڈنگ کو گرا نہیں رہے، کچھ ضروری تبدیلیاں کی جا سکتی ہیں۔ مین بلڈنگ میں ٹیموں کی گاڑیوں کے پارکنگ کے ساتھ وی وی آئی پیز انکلوژرز رکھے گئے ہیں۔

ڈائریکٹر انفرا اسٹرکچر نے بتایا کہ دوسرے فلورز پر کھلاڑیوں کے ڈریسنگ روم بنائے جا رہے ہیں، گراؤنڈ میں موجود نشستوں میں اضافے کے ساتھ تماشائیوں کو ایک ایسا ویو ملے گا جس سے وہ کھلاڑیوں کو بہت قریب سے ایکشن میں دیکھنے کے قابل ہوں گے۔





Source link

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں