[ad_1]
کراچی:
سندھ کی تاریخ میں پہلی بار تمام نجی اور سرکاری تعلیمی بورڈز کے پوزیشن ہولڈرز طلبہ کی حوصلہ افزائی کے لیے مشترکہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
سندھ کے پانچ تعلیمی بورڈز کے پوزیشن ہولڈر کی حوصلہ افزائی کیلئےآل سندھ پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسو سی ایشن نے تقریب منعقد کی۔ تقریب میں پری انجینئرنگ، میڈیکل، ریگولر، سائنس، ہیومینٹیز، کامرس گروپ سمیت دیگر گروپس کے طلبہ کی حوصلہ افزائی کی گئی اور ان کو اعزازی شیلڈز سے نوازا گیا۔
تقریب سے خطاب میں اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے چیئرمین پروفیسر امیر حسین قادری نے کہا آج ہم ان ذہین طلبہ کے اعزاز میں جمع ہوئے جنہوں نے نمایاں کارکردگی حاصل کی، یہ صرف طلبہ نہیں بلکہ اساتذہ اور والدین کی قابلیت کا منہ بولتا ثبوت ہیں ، طلبہ نے سخت محنت کر کے یہ ثابت کردیا ہےاگر عزم اور محنت کا جذبہ ہو تو کوئی بھی کام مشکل نہیں۔
ڈی جی کالجز نوید الرب صدیقی نے خطاب میں پوزیشن ہولڈرز کو کہا مستقبل آپ سے ہے یہ محنت اور لگن جاری رکھیں۔ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی چیئرمین شرف علی شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا میرے لیے قابلِ مسرت ہے کہ میں ان پوزیشن ہولڈرز کے درمیان موجود ہوں ، پوری قوم کو ان طلباو طالبات پر فخر ہے۔
اس موقع پر سیکریٹری کالجز ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ سندھ آصف اکرام نے بھی طلبہ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز سندھ رفیعہ جاوید ملاح بھی موجود تھیں۔
اس دوران پوزیشن ہولڈرز طلبا وطالبات نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم شکر گزار ہیں کہ ہماری حوصلہ افزائی کیلئے تقریب منعقد کی گئی ہے، پاکستان کا مستقبل روشن نظر آتا ہے دنیا تیزی سے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہورہی ہے ہماری کوشش ہے کہ ہم مستقبل میں کوئی بڑا کارنامہ کر کے ملک کا نام روشن کریں۔
ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی، اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی، آغا خان یونیورسٹی امتحانی بورڈ، ضیاء الدین یونیورسٹی امتحانی بورڈ اور نواب شاہ کے تعلیمی بورڈ کے پوزیشن ہولڈرز نے شرکت کی۔
تقریب میں آل سندھ پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسو سی ایشن کے چیئرمین سید حیدر علی شاہ ، جنرل سیکریٹری محمد دانش ،وائس چیئرمین سید توصیف شاہ اور چیئرمین پروگرام محمد سلیم نے میزبانی کے فرائض انجام دیے۔
[ad_2]
Source link