[ad_1]
کراچی:
نئے معاہدوں میں کھلاڑیوں کی میچ فیس اور ماہانہ تنخواہ تو برقرار ہے،البتہ آئی سی سی شیئر کی رقم میں تھوڑا اضافہ ہوگیا، بابر اعظم اور محمد رضوان ماہانہ 65 لاکھ 70 ہزار روپے وصول کریں گے، میچ فیس وغیرہ الگ ہے۔
تفصیلات کے مطابق کافی تاخیر سے پی سی بی نے گذشتہ دنوں سینٹرل کنٹریکٹ پانے والے قومی کرکٹرز کا اعلان کیا،ان میں فخرزمان، امام الحق، سرفراز احمد و کئی دیگر اہم نام شامل نہیں ہیں،بورڈنے آسٹریلیا روانگی سے قبل کھلاڑیوں سے معاہدے پر دستخط نہیں کرائے،البتہ ای میل پر منظوری لینے کا پلان ہے،
نئے معاہدوں میں کھلاڑیوں کی سابقہ میچ فیس اور ماہانہ تنخواہ تو برقرار رہی، البتہ گذشتہ برس ہی طے شدہ فارمولے کے تحت آئی سی سی شیئر کی رقم میں تھوڑا اضافہ ہوگیا، ٹیسٹ میچ کھیلنے کا معاوضہ12 لاکھ 57 ہزار 795 ہے، ون ڈے انٹرنیشنل فیس 6 لاکھ 44 ہزار620 جبکہ ٹی ٹوئنٹی فیس 4 لاکھ 18 ہزار 584 روپے ہے۔
اے کیٹیگری میں شامل بابراعظم اور محمد رضوان کو ماہانہ45 لاکھ روپے کنٹریکٹ کے ملیں گے ، 2024-25کی آئی سی سی آمدنی کا 3 فیصد حصہ بڑھ کر 20 لاکھ 70 ہزار ماہانہ ہو گیا، پہلے15لاکھ 30 ہزار ملتے تھے، یوں رواں دورانیے میں ماہانہ 65 لاکھ 70 ہزار روپے ان کے اکاؤنٹ میں منتقل ہوتے رہیں گے۔
بی کیٹیگری میں موجود نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی اور شان مسعود کی ماہانہ تنخواہ 30 لاکھ روپے ہے، اس میں آئی سی سی شیئر کے15 لاکھ 52 ہزار500 روپے جمع ہوں گے، سابقہ رقم11 لاکھ 47 ہزار 500 تھی، یوں انھیں ماہانہ45 لاکھ 52 ہزار 500 روپے ملیں گے۔
سی کیٹیگری میں شامل عبداللہ شفیق،ابرار احمد، حارث رؤف، نعمان علی، صائم ایوب، ساجد خان، سلمان علی آغا، سعود شکیل اور شاداب خان کے 10 لاکھ روپے ماہانہ میں آئی سی سی کے10 لاکھ 35 ہزار شامل ہوں گے، سابقہ رقم7 لاکھ 65 ہزار تھی، یوں وہ ہر ماہ 20 لاکھ 35 ہزار روپے وصول کریں گے۔
ڈی کیٹیگری میں جگہ پانے والے عامر جمال، حسیب اللہ، کامران غلام،خرم شہزاد، میر حمزہ، محمد عباس آفریدی،محمدعلی، محمد حریرہ، محمد عرفان خان، محمد وسیم جونیئر اور عثمان خان کی ماہانہ تنخواہ ساڑھے 7 لاکھ روپے ہے، اس میں آئی سی سی کے5 لاکھ 17 ہزار 500 شامل ہوں گے۔
سابقہ رقم 3 لاکھ 82 ہزار 500 روپے تھی، یوں اب انھیں ماہانہ12 لاکھ 67 ہزار 500 روپے دیے جائیں گے، سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کرکٹرز کو ڈومیسٹک میچز کھیلنے پر بھی خطیر معاوضہ مل رہا ہے، چار روزہ میچ کی فیس 6 لاکھ 28 ہزار898 ،ون ڈے کی 3 لاکھ 22 ہزار 310 ، ٹی ٹوئنٹی کی 2 لاکھ 9 ہزار292 ہے۔
[ad_2]
Source link