[ad_1]
کراچی:
وفاقی وزیر داخلہ اورپی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اگلے سال کے اوائل میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان کا دورہ کرنے کے خواہشمند بھارتی شائقین کے لیے ویزا جاری کرنے کی ایک تیز پالیسی ہوگی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق محسن نقوی نے جمعہ کو یہ یقین دہانی امریکا سے آئے سکھ یاتریوں کے ایک گروپ سے ملاقات کے دوران کرائی، محسن نقوی نے کہا کہ پی سی بی کو بھارتی شائقین کی جانب سے چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان آنے کے لیے مثبت ردعمل کی توقع ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ہم پاکستان آنے والے بھارتی شائقین کے لیے میچز میں ٹکٹوں کا ایک خاص کوٹہ رکھیں گے جبکہ بروقت ویزا جاری کرنے کی پالیسی کو تیز کرنے کی کوشش کریں گے۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ پی سی بی بھارتی شائقین کو پاکستان کا دورہ کرنا اور لاہور میں پاکستان اور بھارت کا میچ دیکھنا چاہتا ہے، واضح رہے کہ دفاعی چیمپئین پاکستان اگلے برس فروری مارچ میں آئی سی سی میگا ایونٹ کی میزبانی کرنے والا ہے، لیکن اب تک آئی سی سی نے ٹورنامنٹ کا شیڈول جاری نہیں کیا۔
آئی سی سی اس بات کی تصدیق کا انتظار کر رہے ہیں کہ آیا بھارتی حکومت اپنی کرکٹ ٹیم کو چیمپئینز ٹرافی کے لیے پاکستان جانے کی اجازت دے گی۔ دوسری جانب بھارتی کرکٹ بورڈ(بی سی سی آئی) نے واضح کیا ہے کہ دورہ پاکستان کے حوالے سے اسے اپنی حکومت کے کسی بھی پالیسی فیصلے پر عمل کرنا ہوگا، امر قابل ذکر ہے کہ 2008 کے ممبئی حملے کے بعد سے بھارتی کرکٹ ٹیم نے پاکستان کا دورہ نہیں کیا جبکہ دونوں ممالک کے درمیان 2007 کے بعد سے کوئی ٹیسٹ سیریز نہیں ہوئی۔
[ad_2]
Source link