[ad_1]
کوئٹہ:
بلوچستان کے دارالحکومت میں واقع ہاکی گراؤنڈ میں جلسے کی اجازت نہ ملنے کے باوجود پی ٹی آئی کارکنان نے جلسہ گاہ جانے کی کوشش کی، جس کے دوران پولیس سے جھڑپوں، پتھراؤ اور تصادم میں ڈی ایس پی سمیت پانچ پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق تحریک انصاف نے آج کوئٹہ کے ہاکی گراؤنڈ میں جلسے کا اعلان کررکھا تھا مگر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے آج جلسے کی اجازت نہیں دی گئی۔
ضلعی انتظامیہ نے ہاکی گراؤنڈ جانے والے تمام راستوں کو سیل کردیا، ایدھی چوک، انسکمب روڈ، ریلوے اسٹیشن ایریا سمیت دیگر شاہراہوں کو کنٹینر لگا کر بند کردیا گیا، ضلعی انتظامیہ نے جلسہ گاہ کو بھی سیل کردیا اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی۔
جلسے کے وقت پر پی ٹی آئی کے درجنوں کارکن رکاوٹیں تھوڑ کر جلسہ گاہ کی جانب روانہ ہویے جس پر پولیس کی جانب سے کارکنوں پر آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی جس کے بعد کوئٹہ میں پی ٹی آئی کے کارکنوں اور پولیس میں جھڑپیں ہوئیں۔
پولیس کے مطابق جھڑپوں کے دوران کارکنوں نے پولیس پر گاڑی چڑھانے کی کوشش کی جس کی ٹکر سے ڈی ایس پی سمیت پانچ پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ دو طرفہ پتھراؤ اور آنسو گیس کی شیلنگ، پولیس اور کارکنوں میں آنکھ مچولی کا سلسلہ تین گھنٹے تک جاری رہا تاہم جلسہ نہ ہوسکا۔
[ad_2]
Source link