35

کرائم پٹرول کے اداکار کی اچانک موت، بھارتی انڈسٹری میں سوگ کی فضا

بھارت کے ٹیلی ویژن اداکار نیتن چوہان کی گھر سے لاش برآمد ہوئی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق 35 سالہ اداکار نیتن چوہان رئیلیٹی شو ’داداگیری‘ کے دوسرے سیزن کے فاتح، ’ایم ٹی وی اسپلٹز ولا‘ اور ’کرائم پیٹرول‘ میں اداکاری کے لیے مشہور تھے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اداکار ممبئی میں اپنے فلیٹ میں مردہ حالت میں پائے گئے ہیں تاہم ان کی موت کی وجہ جاننے کیلئے تفتیش کی جارہی ہے۔

ابتدائی معلومات کے مطابق، ممبئی پولیس نے اس واقعے کو خودکشی کا کیس قرار دیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اداکار ڈپریشن کا علاج کروا رہے تھے، نیتن کی بیوی نے پولیس کو اپنے بیان میں بتایا کہ انہیں گزشتہ تین سے چار سال سے کوئی کام نہیں مل رہا تھا جسکی وجہ سے وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھے۔

نیتن چوہان کی موت کی خبر سن کر ان کے دوستوں اور ساتھیوں نے سوشل میڈیا پر افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

 ویبھوٹی ٹھاکر نے انسٹاگرام پر ایک بلیک اینڈ وائٹ تصویر کے ساتھ لکھا، ’میرے عزیز، سکون میں رہو (RIP)، میں واقعی حیرت زدہ اور غمگین ہوں، کاش تم میں تمام مشکلات کا سامنا کرنے کی طاقت ہوتی، کاش تم اپنے جسم کی طرح ذہنی طور پر مضبوط ہوتے‘۔ٹی وی اداکار سدھیپ سہیر نے بھی انسٹاگرام اسٹوری پر نیتن کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا، ’سکون میں رہو (RIP)، دوست‘۔

ویبھوٹی اور سدھیپ نے نیتن کے ساتھ ’تیرا یار ہوں میں‘ کام کیا تھا، نتن کو آخری مرتبہ اس ہی ڈرامے میں 2022 میں دیکھا گیا تھا جس کے بعد وہ اسکرین سے اوجھل ہوگئے تھے۔

یاد رہے کہ نیتن کا تعلق اتر پردیش کے علی گڑھ سے تھا۔ انہیں ٹی وی انڈسٹری میں پہلا بریک تھرو 2009 میں رئیلیٹی شو ’داداگیری 2‘ میں کامیابی حاصل کر کے ملا۔

 نیتن نے ’ایم ٹی وی اسپلٹز ولا‘ کے پانچویں سیزن سمیت ’زندگی ڈاٹ کام‘ اور ’کرائم پیٹرول‘ جیسے دیگر شوز میں بھی کام کر کے شہرت کمائی۔ اداکار کے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے پتہ چلتا ہے کہ وہ فٹنس کے شوقین تھے۔

 





Source link

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں