[ad_1]
کراچی:
شہر میں جاری ڈاکو راج کے دوران ڈاکوؤں نے مختلف علاقوں میں لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر 4 افراد کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق میمن گوٹھ کے علاقے میں ڈکیتی مزاحمت کے 2 واقعات میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 2 شہری زخمی ہوگئے ، ایس ایچ او میمن گوٹھ طاہر قادری نے بتایا کہ پہلا واقعہ جام گوٹھ عیدگاہ گراؤنڈ کے قریب 34 سالہ عبدالوحید کے زخمی ہونے کا پیش آیا جس میں مضروب سے کوئی چھینا جھپٹی نہیں ہوئی ملزمان نے اس کی موٹر سائیکل روڈ کر چابی نکال لی اور بعدازاں اسے فائرنگ کر کے زخمی کر دیا۔
دوسرا واقعہ میمن گوٹھ مگسی چڑھائی کے قریب موبائل فون چھیننے کے دوران پیش آیا جس میں شاہزیب نامی شخص زخمی ہوا ، ڈاکوؤں نے موبائل فون لینے کے باوجود شہری کو فائرنگ کر کے زخمی کیا تاہم پولیس واقعات کی مزید تحقیقات کر رہی ہے جبکہ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ دونوں واقعات ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر پیش آئے ہیں اور مضروبین کو ٹانگوں پر گولیاں ماری گئیں تھیں۔
سکھن کے علاقے بھینس کالونی روڈ نمبر 12 انصاف کانٹے کے قریب موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر 35 سالہ ظہیر عباس کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا جبکہ ابراہیم حیدری کے علاقے چشمہ گوٹھ کے قریب فائرنگ سے 24 سالہ صداقت زخمی ہوگیا جسے فوری طبی امداد کے لیے جناح اسپتال لے جایا گیا۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر پیش آنے کا بتایا جا رہا ہے جبکہ نوجوان کو ٹانگ پر گولی لگی تھی، اس حوالے سے پولیس مزید معلومات حاصل کر رہی ہے ۔
[ad_2]
Source link