[ad_1]
RIYADH:
وزیراعظم سے سعودی عرب کے شہر ریاض میں مسلم ورلڈ لیگ کے سیکریٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے ملاقات کی ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف سے آج ریاض میں مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے مسلم ورلڈ لیگ کی جانب سے دنیا بھر میں اسلام کے حقیقی تشخص کو فروغ کے لئے کارہائے نمایاں کو سراہا۔
انہوں نے تنظیم کے کام کو آگے بڑھانے اور اتحاد امت کو فروغ کے لئے سیکرٹری جنرل کی قیادت کو سراہا۔ وزیراعظم نے کہا کہ مسلم ورلڈ لیگ کا مسلمانوں کے مفادات و مقاصد کی وکالت اور بھائی چارے، رواداری اور باہمی احترام کے پیغام کو عام کرنے میں اہم کردار ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہا مسلم ورلڈ لیگ کا غزہ میں جاری تنازعہ اور مسلم دنیا کو درپیش دیگر مختلف چیلنجوں کے دوران کردار خاص طور پر اہم ہے۔ وزیراعظم نے سیکرٹری جنرل کے حالیہ دورہ ء پاکستان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ مختلف منصوبوں اور اقدامات کی جلد تکمیل کے منتظر ہیں جن کی دونوں جانب سے منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
انہوں نے پاکستان میں سیرت میوزیم کے قیام کا خاص طور پر ذکر کیا اور کہا کہ یہ عظیم الشان منصوبہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی اور تعلیمات کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ان منصوبوں کے ذریعے مسلم ورلڈ لیگ نوجوان نسل کی توجہ مبذول کر رہی ہے اور جدید ترین ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کے ذریعے اسلام کے لازوال پیغام کو پھیلا رہی ہے۔ وزیر اعظم نے امید ظاہر کی کہ سیکرٹری جنرل کے آئندہ دورہ پاکستان میں جاری منصوبوں کی رفتار اور تیزی سے عمل درآمد کو آگے بڑھایا جائے گا۔
مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل نے پاکستان اور مسلم امہ کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے وزیراعظم کے عزم اور کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے سعودی عرب کے حالیہ کامیاب دوروں پر وزیراعظم کو مبارکباد دی۔
[ad_2]
Source link