[ad_1]
کراچی:
کورنگی ضیا کالونی میں ڈاکوؤں نے مزاحمت پر سیلزمین کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا جبکہ پولیس نے فائرنگ کے مبینہ تبادلے کے بعد ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔
پولیس نے بتایا کہ کورنگی میں موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر سیلزمین کو فائرنگ کر دیا تھا تاہم پولیس نے موقع پر پہنچ کرڈاکوؤں سے فائرنگ کے مبینہ تبادلے کے دوران ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔
کورنگی پولیس نے واقعے سے متعلق بتایا کہ موٹر سائیکل سوار 2 ڈاکوؤں نے ضیا کالونی بنگالی پاڑہ مارکیٹ میں سیلزمین کو لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کر کے زخمی کر دیا اس دوران قریب ہی موجود پولیس پارٹی فائرنگ کی آواز سن کر موقع پر پہنچ گئی۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس کو دیکھ کر ڈاکوؤں نے فائرنگ شروع کردی اور موقع سے فرار ہو رہے تھے کہ پولیس نے تعاقب کیا اور جوابی فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا، جس کی شناخت وزیر کے نام سے کی گئی۔
پولیس نے بتایا کہ ڈاکوؤں کے قبضے سے پولیس نے اسلحہ برآمد کرلیا جبکہ اس کا ساتھی موقع سے موٹر سائیکل پر فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا جس کی تلاش جاری ہے۔
پولیس نے زخمی ڈکیت اور سیلزمین کو فوری طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دیا جبکہ پولیس گرفتار ڈکیت کا کرمنل ریکارڈ چیک کر رہی ہے۔
دریں اثنا سکھن پولیس نے ریڑھی گوٹھ لٹھ بستی کے قریب مبینہ مقابلے کے دوران ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا اور پولیس نے اس کے قبضے سے پولیس اسلحہ، گولیاں اور موٹر سائیکل برآمد کرلی جبکہ دوسرا ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
پولیس نے بتایا کہ گرفتار ڈاکو کے ساتھی کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں اور زخمی گرفتار ڈکیت کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منقتل کر دیا گیا ہے۔
[ad_2]
Source link