[ad_1]
اسلام آباد:
وفاقی وزیر خزانہ اور ریونیومحمد اورنگزیب نے توقع ظاہر کی ہے کہ مالی خسارے پر قابو پانے، مستحکم کرنسی، ترسیلات زر میں اضافہ اور غیر ملکی ذخائر میں استحکام کے باعث پاکستان کو اگلے چند ماہ میں بین الاقوامی مالیاتی مارکیٹس تک رسائی مل سکتی ہے، جس کے نتیجے میں ادارہ جاتی مالیاتی معاونت میں اضافہ ہوسکے گا۔
وفاقی وزارت خزانہ کے مطابق وزیرخزانہ محمد اورنگزیب سے اسلام آباد میں تعینات فرانس کے سفیرنکولس گال نے ملاقات کی جہاں باہمی دلچسپی کے امور بشمول تجارت، کاروبار اور سماجی و اقتصادی شعبوں میں دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے فرانسیسی سفیر کو ملکی معیشت کی صورت حال اور گزشتہ 14 ماہ میں معاشی اشاریوں میں نمایاں بہتری سے آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ مالی خسارے پر قابو پانے، مستحکم کرنسی، ترسیلات زر میں اضافے اور غیر ملکی ذخائر میں استحکام کے باعث پاکستان کو آئندہ مہینوں میں بین الاقوامی مالیاتی منڈیوں تک رسائی مل سکتی ہے اور اس سے ادارہ جاتی مالیاتی معاونت میں اضافہ ہوسکے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ مختلف شعبوں میں کی جانے والی وسیع اصلاحات، خصوصاً ٹیکسیشن، توانائی، نجکاری اور حکومتی نظم ونسق میں ایک مسلسل عمل ہے، جس کا مقصد معیشت کے ڈھانچے کو برآمدات پر مبنی ترقی کی راہ پر ڈالنا اور ایسی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے جو برآمدی صلاحیت میں اضافہ کرے۔
وزارت خزانہ کے مطابق فرانسیسی سفیر نے حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے اور مختلف اقتصادی محاذوں پر حاصل کردہ معاشی استحکام کو سراہا اور کہا کہ حکومت نے عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) کے ساتھ طے شدہ ساختی اہداف پورے کر کے معاشی استحکام کو مستقل بنیادوں پر قائم رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
[ad_2]
Source link