30

خوابوں کی تعبیر – ایکسپریس اردو

[ad_1]

 

سسر بکری تحفے میں دیتے ہیں

راشدہ یوسف، گجرات

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میرے سسر نے گاوں سے میرے لئے بکری بھیجی ہے اور میں اس کا دودھ دھو رہی ہوں ۔ اپنی ملازمہ کی مدد سے پھر اس دودھ کو کسی برتن میں ڈال کر باھر کسی اجنبی کو دیتی ہوں ۔ اس کے بعد دیکھتی ہوں کہ ہمارے ہمسائے بھی اس کا دودھ لینے ہمارے گھر آئے ہیں اور مجھے ایک پنج سورہ بھی دیتے ہیں جس کو دیکھ کر میں بہت خوش ہوتی ہوں اور پھر اپنے گھر آنے والی قرآن پڑھنے والی بچیوں کو اس کی تلاوت کرنے کو دیتی ہوں ۔ 

 

تعبیر : اچھا خواب ہے۔ اللہ تعالی کی رحمت اور برکت سے رزق میں اضافہ ہونے کی طرف اشارہ ہے۔ آپ کا ذھنی رجحان اللہ تعالی کی طرف رہے گا ۔ آپ قرآن کی تعلیم دیتی ہیں اس کو جاری رکھئے تا کہ گھر میں خوشی و سکون حاصل ہو ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور وضو بے وضو یاحی یاقیوم پڑھا کریں ۔ 

 

امی کے ساتھ گوشت کھانا

آمنہ میمن، کراچی

خواب : میں نے دیکھا میں اور میری امی کہیں بیٹھے کھانا کھا رہے ہیں اور بھنا ہوا گوشت ہے جو کہ بہت ہی لذیذ ہے ۔ میں اپنی امی سے کہتی ہوں کہ آپ بھی اس طریقے سے پکایا کریں اور گھر لے جانے کے لئے پیک کروانے جاتی ہوں ۔ میری امی سارا وقت بس مسکراتی رہیں ۔

 

تعبیر : خواب سے ظاہر ہے کہ کوی دلی مراد پوری ہو گی ۔ تعلیمی یا کاروباری معاملات میں خیر و برکت ہو گی ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے استغفار پڑھا کریں ۔

 

کالی بلی سے خوف

فرحین ہاشم، لاہور

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے گاوں میں ہوں اور اپنے کمرے میں لیٹی ہوئی ہوں ۔ ادھر ایک کالی بلی آتی ہے اور الماری میں گھسنے کی کوشش کرتی ہے ۔ میں بہت ڈراتی ہوں مگر وہ اپنی آنکھوں سے مجھے بری طرح گھورتی ہے تو میں ڈر جاتی ہوں۔ پھر ہمت کر کے جوتی دے مارتی ہوں اور پھر وہ بھاگ جاتی ہے ۔ مگر کچھ دیر بعد میں جب کچن میں جاتی ہوں تو وہ ادھر بھی آ جاتی ہے ۔ میں اپنے دیور کو آواز دیتی ہوں کہ کسی طرح آ کر اس کو نکالو مگر پھر وہ جانے کدھر جاتی ہے ۔ تلاش کے باوجود نہیں ملتی ۔ 

 

تعبیر : خواب کسی پریشانی کی طرف اشارہ کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کہ کسی مشکل کا سامنا ہو سکتا ہے ۔ اس کا تعلق خاندان کاروبار یا تعلیمی معاملات سے بھی ہو سکتا ہے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔ کوشش کریں کہ حسب توفیق صدقہ و خیرات بھی کر سکیں ۔

 

ہمسائیوں کو گندم کے پیکٹ دینا

ریاض شیروانی، سکھر

خواب: میں نے دیکھا کہ میں گندم کی بہت سی بوریاں لے کر چکی پہ آیا ہوں اور اپنی نگرانی میں آٹا پسوا کر اپنے ملازمین کو دینے جا رہا ہوں کہ کچھ وہ اپنے گھر لے جائیں اور کچھ ہمارے گھر پہنچا دیں ۔ اس کے بعد میں اپنے ہمسائیوں کے گھر میں بھی کچھ پیکٹ میں لے جا کر دیتا ہوں ۔ 

 

تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ کے فضل سے مرتبہ بلند ہو گا اور عزت و توقیر ہو گی ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔

 

نئے کپڑوں کا ڈھیر

لائبہ خانم، لاہور

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں ایک بہت بڑے بیگ میں پرانے کپڑے و سامان رکھ رہی ہوں اور اپنی ملازمہ سے کہہ رہی ہوں کہ تم جو لینا چاھو لے جائو تا کہ باقی بھی میں کسی نہ کسی کو دے دوں ۔ اس کے بعد دیکھتی ہوں کہ میرے بیڈ پہ نئے کپڑوں کا بہت بڑا ڈھیر ہے اور میں ان کو الماری میں لگانے کے لئے الگ الگ کر رہی ہوں ۔ 

 

تعبیر : اچھا خواب ہے جو اللہ کی طرف سے کسی مدد کی طرف اشارہ کرتا ہے ۔ یہ ترقی کاروباری بھی ہو سکتی ہے اور تعلیمی بھی ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔گھر کی چھت پہ پرندوں کو دانہ ڈالا کریں ۔ 

 

محفل میلاد

محمد سرور، گوجرانوالہ 

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں ایک نعتیہ محفل میں شرکت کے لئے اپنے دوست کے ساتھ جاتا ہوں ۔ وہاں بڑے اچھے اچھے نعت خواں تشریف لائے ہوتے ھیں ۔ یہ نعت خواں ہمارے نبی کے حضور نذرانہ عقیدت پیش کر رہے ہوتے ہیں ۔ ان کا کلام بہت اچھا ہوتا ہے۔ میں بھی اس محفل کو سننے کے لئے وہاں ایک کونے میں بیٹھ جاتا ہوں ۔ بہت مزہ آ رہا ہوتا ھے اور میں خوب خشوع و خضوع سے سب سن رہا ہوتا ہوں ۔

 

تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے دین و دنیا میں بھلائی ہو گی ۔ آپ کے کاروبار میں ترقی ہو گی جس سے مال و وسائل دونوں میں بہتری آئے گی ۔ دین کے ساتھ وابستگی زیادہ ہو گی ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں ۔ رات کو سونے سے پہلے حضور نبی کریمﷺ کی سیرت مبارکہ کا مطالعہ لازمی کیا کریں ۔

 

 بزرگ کو شکر قندی پیش کرنا

نجم الحسن، اوکاڑہ

خواب : میں نے دیکھا کہ میں اپنے گاوں میں ہوں اور میرے دادا جان کے دوست ہمارے لئے شکر قندی لاتے ہیں ۔ ہماری چچی سب کے لئے دودھ میں وہ شکر قندی پکا کے لاتی ہیں ۔ ہم سب لوگ بہت مزے سے اس کو کھاتے ہیں ۔ اس کا ذائقہ بے حد لذیذ ہوتا ہے ۔ میں اپنی چچی سے کہتا ہوں کہ مجھے زیادہ پیک کر دیں تا کہ میں اپنے ساتھ لے جا سکوں ۔ پھر میں دیکھتا ہوں کہ میں کسی بزرگ کے مزار پہ ہوں اور وہاں ایک بزرگ بیٹھے ہیں۔ میں ان کی خدمت میں وہ شکرقندی پیش کرتا ہوں تو وہ بہت خوش ہوتے ہیں اور مجھے دعائیں دیتے ہیں ۔ اس کے بعد میری آنکھ کھل جاتی ہے ۔

 

تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے بزرگوں سے فیض ملے گا ۔ اور ان کی خدمت کرنے کی بھی سعادت حاصل ہو گی ۔ دین و دنیا دونوں میں کامیابی ہو گی ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد جاری رکھا کریں ۔کچھ صدقہ و خیرات بھی کیا کریں ۔

 

شادی میں شرکت

رجب چوہدری، میانوالی

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے دوست کے گھر اس کے چچا کی شادی پہ گیا ہوا ہوں اور ڈھول والوں کے ساتھ خوب ناچ گا رہا ہوں ۔ 

تعبیر : یہ خواب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی راز جو آپ نے ابھی تک پوشیدہ رکھا ہوا ہے وہ فاش ھو جائے گا ۔ مقاصد میں گڑ بڑ ہو سکتی ھے جس سے مال و وسائل میں کمی آ سکتی ھے ۔ کاروبار میں جن لوگوں پر آپ کو اعتماد تھا ، وہ بھی آپ کے اعتماد کو ٹھیس پہنچا سکتے ہیں ۔ کاروبار میں عقل سے کام لیں اور منصوبہ بندی کے تخت کاروبار کریں ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔

 

رشتہ دار کے گھر جانا

سیدہ بی بی، لاہور 

خواب : میں نے دیکھا کہ میں اپنی بھابی کے ساتھ ان کی کسی رشتہ دار خاتون کے گھر آئی ہوں اور ان کا گھر دیکھ کر حیران ہوتی ہوں کہ اتنا سر سبز اور پھولوں سے بھرا ہوا گھر ہوتا ہے ۔ میں اس خاتون کے باغ میں ہی بیٹھ جاتی ہوں ، جہاں پرندوں کی بہت پیاری آوازیں ہوتی ہیں اور بے حد سر سبز گھاس اور خوبصورت پھول کھلے ہوتے ہیں۔ میں سارا وقت خوشی سے ان کو دیکھتی اور اللہ کی تسبیح ہی بیان کرتی رہتی ہوں ۔

 

تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے آپ کو راحت و آرام نصیب ہو گا ۔ پریشانیوں سے نجات ملے گی ۔ یہ بھی ہو سکتا ہے کہ کوئی خوشخبری ملے ۔ کاروبار میں بھی اضافہ ہو گا جس سے گھر میں آرام و سکون ہو گا۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔

 

تقریب میں جانے کی تیاری

افشاں احمد، قصور

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے گھر میں ہوں اور کہیں جانے کے لئے تیار ہو رہی ہوں مگر میرا جوتا نہیں مل رہا ۔ میں بہت پریشان ہوں اور سارا گھر تلاش کرتی پھر رہی ہوں ۔ مگر کہیں کوئی جوتا نظر نہیں آتا ۔ بس اسی تلاش اور پریشانی میں میری آنکھ کھل جاتی ہے ۔

 

تعبیر : یہ خواب ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نا کرے گھریلو زندگی میں کوئی مسلہ ہو سکتا ہے ۔ جس کی وجہ سے گھر میں پریشانی و نا چاقی ہو سکتی ہے ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور اور ہر نماز کے بعد استغفار کثرت سے کیا کریں ۔ مراقبہ میں بھی دعا کرا دی جائے گی۔

 

آب زم زم پینا

زلیخہ ظہور، فیصل آباد 

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میری ایک کولیگ کچھ بوتلوں میں آب زم زم کی طرح کا کوئی پانی لائی ہیں جو کہ مجھے بھی دیتی ہیں ۔ میں پیتی ہوں تو حیران ہوتی ہوں کہ اتنا میٹھا اور خنک پانی ۔ پھر میں ان کے پاس دوبارہ جاتی ہوں اور دوبارہ ا ن سے درخواست کرتی ہوں کہ مجھے مزید ایک بوتل دے دیں تا کہ میں اپنی والدہ کے لئے بھی گھر لے جا سکوں جس پہ وہ مجھے ایک اور بڑی سی بوتل دیتی ہیں اور میں خوشی خوشی اسے لے کے آ جاتی ہوں ۔ 

 

تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے ہر چیز میں برکت ہو گی ۔ اگر بیمار ہیں تو شفا ملے گی ۔ کاروبار میں بھی بہتری ہو گی جس سے مال و وسائل میں بہتری آئے گی ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد جاری رکھیں ۔

 

کالج میں جھگڑا

فیاض مہر، ننکانہ

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میری اپنے کالج میں کچھ لڑکوں سے لڑائی ہو گئی ہے اور میرے دوستوں نے ان سے لڑائی شروع کر دی ہے ۔ میں سب کو منع کرتا ہوں مگر شور میں کوئی میری بات نہیں سنتا ۔ پھر دیکھتا ہوں کہ جیسے ہم سب جیل میں ہیں اور میں بہت پریشان ہو کر اللہ سے رو رو کے دعا کرتا ہوں ۔ اسی وقت مجھے اپنے پرنسپل نظر آتے ہیں جو میری طرف اشارہ کر کے کہتے ہیں کہ یہ لڑکا ایسا نہیں اس کو جانے دو ۔ پھر میں ان کے ساتھ باھر آ جاتا ہوں اور گھر آ کے اللہ کا خوب شکر ادا کرتا ھوں۔ 

 

تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے ہر قسم کی پریشانیوں سے نجات ملے گی ۔ اگر خدانخواستہ کسی مقدمے میں پھنسے ہیں تو بھی اللہ تعالی کی مہربانی سے خلاصی ہو گی ۔ آپ کی عزت و توقیر میں اضافہ ہو گا ۔ آ پ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور نماز کے بعد استغفار کیا کریں ۔ 

 

بہن بھائیوں سے گپ شپ

محمد حنیف، منڈی بہائوالدین

خواب : میں نے دیکھا کہ میں پاکستان آیا ہوا ہوں اور یہاں خوب سردی کا موسم ہے ۔ میں اپنے سب بہن بھائیوں کو کھانے پہ بلاتا ہوں اور پھر ہم سب چھت پہ آگ جلا کے بیٹھ جاتے ہیں، بہت مزہ آتا ہے ۔ سب خوب ہنستے بولتے اور پرانے قصے چھیڑتے ہیں ۔ میں بہت خوش ہوتا ہوں ۔

 

تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ آپ کو کاروباری معاملات یا تعلیمی میدان میں کامیابی و ترقی ملے گی ۔ رزق میں بھی اس کی بدولت اضافہ ہو گا جس سے مال و وسائل میں بہتری آئے گی ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا شکور یا حفیظ کا ورد کیا کریں ۔ اور کچھ صدقہ و خیرات کیا کریں ۔ 

 

پھلوں سے سجا میز

وسیم اکرم، پشاور 

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ ہمارا کالج میں آخری دن ہے اور سب لوگ مل کے خوب شور شرابا مچا رہے ہیں ۔ میں اور میرے دوست بھی خوب مزے کر رہے ہیں اور ایک دوسرے کو تنگ کر رہے ہیں ۔ ہمارے ایک پروفیسر کے پاس بہت زیادہ پھل ہوتا ہے جو وہ ایک ٹیبل پر لگا کے بیٹھے ہوتے ہیں پھر وہ ہمیں بھی کھانے کی دعوت دیتے ہیں ۔ میں بہت سارے آم اٹھا لیتا ہوں اور خوب مزے لے لے کر اپنے دوستوں کے ساتھ مل کے کھاتا ہوں ۔ وہ بہت ہی میٹھے اور لذیذ ہوتے ہیں ۔ اس کے بعد میری آنکھ کھل جاتی ہے ۔

 

تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ کی مہربانی سے آپ کے رزق میں اضافہ ہو گا ۔ آپ کے کارو بار میں برکت ہو گی جس سے آپ کے وسائل میں اضافہ ہو گا ۔ اللہ تعالی غیب سے مدد فرمائیں گے ۔ رات کو سونے سے پہلے نبی کریمﷺ کی سیرت کا مطالعہ کیا کریں ۔

 

 کالج گروپ کے ساتھ سیر پر جانا

 نمل حسین، اسلام آباد

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے کالج کے گروپ کے ساتھ کہیں دور دراز کے علاقے میں درخت لگا رہی ہوں ، پھر میں دیکھتی ہوں کہ وہ جگہ بہت ہری بھری ہو گئی ہے۔ ہر طرف سبزہ ہے اور لہلہاتے پودے ۔ سب لوگ بہت خوش ہوتے ہیں اور میں بھی یہ سب دیکھ کر بہت خوش ہوتی ہوں ۔ میری امی بھی ادھر ہوتی ہیں اور وہ اس بات سے بہت خوش ہوتی ہیں اور خود بھی درخت لگانا چاہتی ہیں ۔ 

 

تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے کسی خوشخبری کے ملنے پہ دلیل کرتا ہے ۔ کسی دلی مراد کے پورا ہونے کی بھی امید ہے۔ آپ کوشش کریں کہ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔ خواب اچھا ہے اس میں بالکل بھی گھبرانے والی کوئی بات نہیں ہے ۔

 

دوست تحفہ بھیجتا ہے

 محمد الیاس، شیخوپورہ

خواب : میں نے دیکھا کہ میری کسی رشتے دار نے ہمارے لئے تحفتاً ایک بہت صحت مند بکری بھیجی ہے ۔ میری بیوی اس کو دیکھ کر بہت ناراض ہو رہی ہے کہ ہم کہاں رکھیں گے اور اس سے تو بہتر ہے کہ بیچ دیا جائے ۔ مگر مجھے وہ بہت پسند آتی ہے اور میں سختی سے کہتا ہوں کہ نہیں میں خود اس کی دیکھ بھال کر لوں گا ۔ برائے مہربانی اس کی تعبیر بتا دیں ۔

 

تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ کی رحمت سے آپ کی عزت اور وقار میں اضافہ ہو گا ۔ نیک نامی میں اضافہ ہو گا جو کاروبار یا نوکری یا پھر گھریلو سطح پہ بھی ہو سکتی ہے ۔ آپ صلہ رحمی سے کام لیا کریں ۔ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں ۔کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔

 

شیشے میں دانت دیکھنا

حبیب احمد، کوئٹہ

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں شیشے میں اپنے دانت دیکھ رہا ہوں اور حیران ہوں کہ ایک دانت بہت زیادہ سفید کیوں ہے ۔ مجھے اس کو دیکھ کر کافی گھبراہٹ ہوتی ہے اور میں سوچتا ہوں کہ کسی ڈاکٹر کے پاس چلا جاوں اس کے بعد مجھے یاد نہیں ۔

 

تعبیر : اس خواب سے ظاھر ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی پریشانی یا غم کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ یہ بھی ممکن ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی بیماری آ جائے جس کی وجہ سے آپ پریشان ہو سکتے ہیں ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔ محفل مراقبہ میں بھی دعا کرا دی جائے گی ۔

 



[ad_2]

Source link

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں