[ad_1]
کراچی: پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار و میزبان عمران اشرف اور اُن کی سابقہ اہلیہ کرن اشفاق نے ایک ساتھ اپنے بیٹے کی سالگرہ کی تقریب میں شرکت کی۔
حال ہی میں عمران اشرف اور کرن اشفاق نے اپنے بیٹے کی پانچویں سالگرہ منائی جس کے لیے اس سابقہ جوڑی نے ایک ساتھ تقریب کا انعقاد کیا تھا۔
عمران اشرف نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر بیٹے کی سالگرہ کی تقریب تصویر پوسٹ کی جس میں وہ بیٹے کا ہاتھ پکڑ کر کیک کاٹ رہے ہیں۔
اسی طرح کرن اشفاق نے بھی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اسی تقریب کی ویڈیو پوسٹ کی جوکہ تقریب میں کھینچی گئیں تصاویر کی مدد سے بنائی گئی ہے۔
طلاق کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ جب کرن اشفاق اور عمران اشرف کو ایک ساتھ کسی تقریب میں دیکھا گیا ہو۔
سابقہ جوڑی کو اپنے بیٹے کی سالگرہ کے موقع پر اکٹھا ہوتا دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے خوشی کا اظہار کیا جارہا ہے، صارفین کا کہنا ہے کہ طلاق کے باوجود بھی عمران اشرف اور کرن اشفاق اپنے بیٹے کی پرورش بہت اچھی کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ عمران اشرف سے طلاق اور حمزہ علی چوہدری سے دوسری شادی کے بعد کرن اشفاق نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ عمران اشرف بیٹے کے معاملے میں بہت سپورٹ کرتے ہیں، وہ ایک عظیم والد ہیں اور ہمیشہ ہمارے بیٹے روہام کو اولین ترجیح دیتے ہیں۔
مزید پڑھیں: “عمران اشرف سے طلاق کے بعد مجھے دورے پڑتے تھے”، کرن اشفاق
کرن اشفاق کا کہنا تھا کہ اُن کا بیٹا روہام کبھی اُن کے ساتھ رہتا ہے اور کبھی اپنے والد (عمران اشرف) کے ساتھ رہتا ہے جبکہ وہ دونوں اپنے بیٹے کے تمام ایونٹس میں جاتے ہیں۔
یاد رہے کہ عمران اشرف اور کرن اشفاق 2018 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے اور سال 2020 میں اُن کے ہاں بیٹے روہام کی پیدائش ہوئی تھی۔
کرن اشفاق اور عمران اشرف کے درمیان نومبر 2022 میں طلاق ہوگئی تھی اور طلاق کے تقریباََ ایک سال بعد دسمبر 2023 میں کرن نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے فوکل پرسن اور سیاسی مشیر حمزہ علی چوہدری سے دوسری شادی کرلی تھی۔
[ad_2]
Source link