[ad_1]
اسلام آباد: سیکرٹری وفاقی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت محی الدین وانی نے ملک کی نامور جامعات نسٹ، نمل اور کامسیٹس کے تعاون سے ڈگری کالجز میں شام کی کلاسوں میں آئی ٹی اور ڈیٹا سائنس کے جدید کورسز سے متعلق ایک اہم میٹنگ کی۔
اس میٹنگ میں اسلام آباد کے تمام ڈگری کالجوں کے پرنسپلز موجود تھے۔ میٹنگ میں ایوننگ کلاسز میں گیم ڈویلپمنٹ، اے آئی، ڈیٹا سائنس اور بلاک چین کے کورسز کروانے کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
سیکرٹری وفاقی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت محی الدین وانی نے اس انقلابی اقدام سے متعلق بتایا کہ شام کی کلاسز میں کرائے جانے والے 6 ماہ پر محیط کورسز سے ایک ہزار طلبا مستفید ہوسکیں گے۔
انھوں نے مزید بتایا کہ ان کورسز کے لیے فنڈز نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن فراہم کرے گا۔
سیکرٹری وفاقی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت محی الدین وانی نے پرنسپل کو یہ یقین دہانی بھی کرائی کہ کالجز میں ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کرکے مربوط اور بلاتعطل انٹرنیٹ سروس فراہم کی جائے گی۔
خیال رہے کہ محی الدین وانی نے حال ہی میں سیکرٹری وفاقی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کا عہدہ سنبھالا ہے۔ وہ ایک قابل اور محنتی افسر کی حیثیت سے شہرت رکھتے ہیں اور تعلیم کے میدان میں گلگت بلتستان میں کئی کارنامے انجام دے چکے ہیں۔
[ad_2]
Source link