[ad_1]
لاہور: عید الفطر پر اسٹیج ڈراموں کی آڑ میں فحاشی پھیلانے والوں کی شامت آ گئی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پنجاب آرٹس کونسل نے باری تھیٹر سمیت لاہور اور قصور کے متعدد تھیٹرز کو عید الفطر پر ڈرامے پیش کرنے سے روک دیا۔
پنجاب آرٹس کونسل کی طرف سے جن تھیٹرز کے خلاف کارروائی کی گئی ہے اس میں ملتان روڈ لاہور پر واقع باری سٹوڈیو،ستارہ تھیٹر اورقصور کا سٹی تھیٹر شامل ہیں۔
کونسل نے ان تھیٹرز کو بغیر لائسنس عید الفطر پر ڈراما پیش کرنے سے روکنے کے ساتھ ساتھ بغیر سینسر ریہرسل ڈرامے کی پبلسٹی کرنے پر ڈی سی لاہور کو کارروائی کرنے کے لئے بھی خط لکھ دیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق باری تھیٹر کا لائسنس سال 2023 سے ختم ہے جس کی تجدید نہیں کی گئی، اسی طرح سٹی تھیٹر قصور کا لائنس فروری 2024 میں ایکسپائر ہو گیا تھا جس کے بعد لائنس کی تجدید کروائی گئی اور نہ ہی سکریٹ سکروٹنی کی فیس جمع کروائی گئی۔
عید الفطر پر کمال تھیٹر میں ’یار منانا نچ کے‘، تماثیل تھیٹر میں ’ولائتی کڑیاں‘، محفل تھیٹر میں ’عشق دا پیالہ‘،ناز تھیٹر میں ’آئی لو یوعید‘، شمع تھیٹر میں ’سوہنیوعید مبارک‘ اور پنجابی تھیٹر میں ’عید دا چن‘ ڈرامے لگیں گے۔
دوسری طرف پنجاب آرٹس کونسل نے عید الفطر پر پیش کئے جانے والے ڈراموں کی سینسر شپ کا مرحلہ مکمل کر لیا، کونسل کے ڈپٹی ڈائریکٹر زاہد اقبال کی سربراہی میں پکار ٹیم نے ناز تھیٹر،محفل تھیٹر اور تماثیل تھیٹرز سمیت لاہور کے 9 تھیٹرز میں عید پر پیش کیے جانے والے ڈراموں کی منظور شدہ اسکرپٹ اور ریہرسل کا جائزہ لیا اور تمام ایس او پیز پر عمل درآمد دیکھتے ہوئے ڈرامے پیش کرنے کی اجازت دے دی۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب آرٹس کونسل سید بلال حیدر کا کہنا ہے کہ بغیر اسکرپٹ اور سینسر کسی بھی تھیٹرکو ڈرامے دکھانے کی قطعی اجازت نہیں دی جائے گی۔
سید بلال حیدر کے مطابق عید کے دنوں میں پنجاب کے تمام تھیٹرز کی مانیٹرنگ کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جا رہی ہیں جو ایس او پیز کی خلاف ورزی پر فوری قانون کے مطابق کارروائی کریں گی۔
[ad_2]
Source link