[ad_1]
ممبئی: بھارتی ریاست مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے نے فائرنگ کے واقعے کے بعد سخت سیکیورٹی میں بالی ووڈ اسٹار سلمان خان سے ملاقات کی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 16 اپریل کو وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے نے سلمان خان کے گھر جاکر اُن سے ملاقات کی، وزیر اعلیٰ کی آمد پر اداکار کے گھر کے اطراف سیکیورٹی سخت کر دی گئی تھی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایکناتھ شندے نے سلمان خان کے والد سلیم خان، سیاست دان بابا صدیقی اور ان کے بیٹے ذیشان سے بھی ملاقات کی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ نے بھارتی میڈیا سے گفگتو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سلمان خان کے ساتھ ہے، ہم نے فائرنگ کرنے والے دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے، اُن سے تفتیش جاری ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ ہم اس معاملے کی جڑ تک جائیں گے، اس واقعے میں ملوث کسی بھی ملزم کو چھوڑا نہیں جائے گا، سب کو سزا دی جائے گی۔
مزید پڑھیں: سلمان خان کے گھر پر فائرنگ کرنے والے 2 شوٹر گرفتار
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ کسی بھی گینگ کو اس طرح کے قاتلانہ حملوں کی اجازت نہیں دی جائے گی، ہم لارنس بشنوئی کو ختم کردیں گے۔
واضح رہے کہ 14 اپریل کی صبح 5 بجے ممبئی کے علاقے باندرہ میں سلمان خان کی رہائش گاہ گلیکسی اپارٹمنٹ کے باہر موٹر سائیکل سوار 2 مسلح افراد نے تین راؤنڈز فائرنگ کیے تھے اور پھر دونوں افراد فرار ہوگئے تھے۔
بعدازاں ممبئی پولیس نے دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا تھا، پولیس کے مطابق سلمان خان کے گھر پر فائرنگ کرنے والے وکی صاحب گپتا اور ساگرشری جوگندر پال کو ریاست گجرات کے علاقے بھوج سے گرفتار کیا گیا تھا، دونوں ملزمان کا تعلق لارنس بشنوئی گینگ سے ہے۔
[ad_2]
Source link