[ad_1]
اسلام آباد: ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک(اے آئی آئی بی) پاکستان کو 50 کروڑ ڈالر فراہم کرے گا، جو مختلف منصوبوں پر عمل درآمد کی مد میں دیے جائیں گے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے صدر جین لیکون سے واشنگٹن میں ملاقات ہوئی ہے جہاں وفاقی وزیر خزانہ نے ملک کی معاشی صورت حال اور اشاریوں میں مثبت پیش رفت سے آگاہ کیا۔
وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک نے پاکستان کو 50 کروڑ ڈالر فراہمی کا وعدہ کیا ہے اور یہ فنڈز مختلف منصوبوں پر عمل درآمد اور رقوم کی ترسیل کے لیے فراہم کیے جائیں گے۔
محمد اورنگزیب نے سیلاب کے بعد فنانس کی فراہمی پر بھی ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کا شکریہ ادا کیا اور گفتگو کے دوران کہا کہ ایشین انفراسٹرکچر بینک نے عالمی بینک کے ساتھ مل کر رائز ٹو پروگرام کے لیے 25 کروڑ ڈالر دیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) سے بڑے اور طویل مدتی پروگرام کا حصول چاہتا ہے، زرمبادلہ ذخائر میں بہتری اور شرح تبادلہ مستحکم ہے۔
وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ مہنگائی میں کمی اور اسٹاک مارکیٹ میں تیزی ہے، آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ کے باعث سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا، ٹیکس اور توانائی کے شعبوں سمیت حکومتی ملکیتی اداروں میں اصلاحات ہماری ترجیح ہے۔
[ad_2]
Source link