[ad_1]
راولپنڈی: عمران خان کی بہن علیمہ خان کے خلاف دعائیہ تقریب پر درج مقدمے میں درخواستِ ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیا گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج نادیہ اکرام نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے لیے دعائیہ تقریب پر درج مقدمے کی سماعت کی اور فریقین کے دلائل سنے۔
دوران سماعت علیمہ خان نے عدالت میں بیان دیا کہ یہ مقدمہ تھانہ سٹی پولیس نے درج کیا تھا، ہم دعا کررہے تھے کہ مقدمہ درج کرلیا گیا۔
عدالت نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔ سماعت کے بعد جوڈیشل کمپلیکس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان کا کہنا تھا کہ جب تک ظلم سہتے رہیں گے ظلم جاری رہے گا ۔ عمران خان کے خلاف تمام کیسز زندہ لاشیں ہیں، سب ایک ایک کرکے ختم ہو جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کسی قسم کی ڈیل نہیں کریں گے، تمام کیسز کا سامنا کریں گے۔ القادر یونیورسٹی کیس کے فیصلے تک بشریٰ بی بی کو کیسوں میں گھسیٹا جاتا رہے گا۔ عدت کیس بھی بے ہودہ ہے ۔ سائفر کیس بھی ان سے نہیں سنبھل رہا، اسے بھی ختم کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ تمام کیسز میں ججز پر دباؤ ہے کہ انہیں کیسے جاری رکھا جائے۔
[ad_2]
Source link