[ad_1]
اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کسی ملک کے خلاف کسی غیر ملکی حکومت کو اڈے فراہم نہیں کرے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں کہا ہے کہ پاکستان کے امریکا اور ایران کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، دونوں ممالک کے ساتھ قومی مفاد میں اپنے تعلقات کو مزید آگے بڑھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان رابطے کے متعدد چینلز ہیں، ایران کے ساتھ تعاون بڑھانے کے لیے رابطے جاری رکھیں گے۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان توانائی سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے حوالے سے بات چیت جاری رکھے ہوئے ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارتی نیٹ ورک کئی دہائیوں سے جنوبی ایشیا میں متحرک تھا۔ ماورائے عدالت قتل کا بھارتی نیٹ ورک دنیا بھر میں پھیل چکا ہے، پاکستان نے بھارتی ایجنٹوں کے حملوں کے شواہد دنیا کے سامنے رکھے، بھارتی عمل غیرقانونی اور عالمی قانون کی خلاف ورزی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھارت کو اس کے اقدامات پر کٹہرے میں کھڑا کرے۔ فروری 2019ء میں تاریخ نے خود کو دہرایا، بھارتی قیادت سیاسی مقاصد کے لیے بیان دیتی ہے، بھارتی وزیر اعظم کے حالیہ بیان پر تبصرہ نہیں کروں گی۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے مزید کہا کہ پاکستان کی افواج اور عوام ملک کے دفاع کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ غزہ میں اسرائیلی جارحیت اور ناکا بندی قابل مذمت ہے، پاکستان اسرائیل کی جانب سے بڑھتی جارحیت اور غیر قانونی آباد کاری کی مذمت کرتا ہے۔ پاکستان فلسطینی عوام کی حمایت کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔پاکستان او آئی سی اجلاس میں غزہ میں جاری حالات کو اجاگر کرے گا۔ امت مسلم کو درپیش مسائل کے مشترکہ حل پر بھی بات ہوگی ۔
[ad_2]
Source link