[ad_1]
اسلام آباد: ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونے پر صدر آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے افسوس کا اظہار کیا گیا ہے جب کہ افسوس ناک واقعے پر قومی پرچم کوبھی سرنگوں کردیا گیا ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے ایرانی صدر سید ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ اور دیگر کی ہیلی کاپٹر حادثے میں وفات پر گہرے صدمے اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگواران سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مسلم امہ کے لیے سابق صدر ابراہیم رئیسی کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا ۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ صدر ابراہیم رئیسی امت مسلمہ کے اتحاد کے بڑے حامی تھے۔ عالم اسلام ایک عظیم رہنما سے محروم ہو گیا ہے۔ ایرانی صدر فلسطینی اور کشمیری عوام سمیت عالمی سطح پر مسلمانوں کے درد کو دل سے محسوس کرتے تھے۔ آج پاکستان ایک عظیم دوست کو کھو دینے پر سوگوار ہے۔
آصف زرداری نے مزید کہا کہ پچھلے ماہ ہمیں پاکستان میں ان کی میزبانی کا اعزاز حاصل ہوا، ہماری گفتگو کے دوران، میں نے انہیں دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم پایا۔ صدر رئیسی ہمیشہ پاکستان اور یہاں کے عوام کو خاص مقام دیتے تھے۔ ان کا انتقال نہ صرف ایران بلکہ پوری امت مسلمہ کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔
صدر زرداری کا کہنا تھا کہ صدر رئیسی کو علاقائی اور اسلامی ممالک کے ساتھ تعلقات بڑھانے کی کوششوں پر ایران، پاکستان اور عالم اسلام میں یاد رکھا جائے گا۔ اللہ تعالیٰ ان کی روح کو سکون عطا فرمائے، ناقابل تلافی نقصان کی اس گھڑی میں ان کے اہل خانہ اور ایران کے عوام کو صبر و استقامت عطا فرمائے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بھی ایرانی صدر کے حادثے میں جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔ انہوں نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنےبیان میں کہا کہ جاں بحق ہونے والوں کے احترام میں پرچم سرنگوں رکھا جائے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ صدر رئیسی پاکستان کے بہت اچھے دوست تھے، اس دْکھ کی گھڑی میں برادر ملک ایران سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے آج ملک بھر میں ایرانی صدر و وزیر خارجہ کی وفات پر یوم سوگ منایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کی شہادت سے تقریباً ایک ماہ قبل ان کی میزبانی کرنے کا تاریخی موقع حاصل ہوا۔
[ad_2]
Source link